جے سی سی نے چترال دیر، سوات موٹروے اور پشاور ڈی آئی خان موٹروے کو سی پیک میں شامل کر کے ان علاقوں کو ترقی کی نوید سنائی ہے،مراد سعید


اسلام آباد:وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ سی پیک کے سب سے بڑے فورم جے سی سی نے چترال دیر، سوات موٹروے اور پشاور ڈی آئی خان موٹروے کو سی پیک میں شامل کر کے ان علاقوں کو ترقی کی نوید سنائی ہے،جگلوٹ اسکردو سڑک 30 اکتوبر کو مکمل ہوجائے گی جس کا افتتاح وزیراعظم عمران خان کریں گے۔ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے زیر تکمیل منصوبوں کی تفصیلات کے تبادلے کے دوران کیا۔این ایچ اے کی جانب سے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔جس میں جگلوٹ اسکردو منصوبے کے 2019 اور 2021 کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔ ویڈیو میں 2019 کا خوفناک اور 2021 میں سڑک پر کام کے بعد کا دلکش منظر بھی دکھایا گیا ہے ۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوامی فلاح کے منصوبوں کے ساتھ سڑکوں کی تعمیر پر بھی کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سیاحت کے فروغ کے لئے چترال اور گلگت بلتستان شاہراہ کی بھی منظوری دی ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ اس اہم شاہراہ پر دسمبر میں کام شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان سی پیک کا دروازہ ہے اور سی پیک اس خطے کی ترقی کا ضامن ہے، اس اہم شاہراہ سے اس علاقے کی سیاحت میں اضافہ ہوگا اور معاشی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا، انہوں نے کہا کہ چترال میں تین منصوبے اس سال کے آخر تک شروع ہو جائیں گے، مراد سعید نے کہا کہ این ایچ اے جاری منصوبے تیز تر اور شفاف انداز میں مکمل کر رہا ہے، وفاقی وزیر نے کہا کہ این ایچ اے نئے منصوبوں کا بروقت آغاز اور سی پیک کو بہتر طریقے سے آگے بڑھا رہا ہے، مراد سعید نے کہا کہ سی پیک کے سب سے بڑے فورم جے سی سی نے چترال دیر، سوات موٹروے اور پشاور ڈی آئی خان موٹروے کو سی پیک میں شامل کر کے ان علاقوں کو ترقی کی نوید سنا دی ہے، پچھلے ہفتے ہونے والے جے سی سی کے سی پیک کے حوالے سے فیصلوں سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔