آریان خان کے جیل میں شب و روز


منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے ممبئی کی آتھر روڈ جیل میں گزارے جانے والے اوقات کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آریان خان کو گرفتاری کے بعد سے قرنطینہ کی بیرک نمبر ایک میں رکھا گیا ہے جو خصوصی بیرک ہے، انہیں وہاں پانچ دن کا قرنطینہ مکمل کرناہے، آریان کو ابھی جیل کا یونیفارم نہیں دیا گیا ہے ۔
شاہ رخ خان کے بیٹے کو صبح 6 بجے جگایا جاتا ہے جس کے بعد 7 بجے ناشتہ دیا جاتا ہے، آریان کو ناشتے میں شیرا اور پوہا (بھارتی ڈِش) دیا جاتا ہے۔
آریان کو 11 بجے دوپہر کا کھانا دیا جاتا ہے جس میں چپاتی کے ساتھ سبزی اور دال چاول ہوتے ہیں۔ان کو شام 6 بجے رات کا کھانا دیا جاتا ہے لیکن وہ چاہیں تو 6 کی بجائے رات 8 بجے کھانا کھا سکتے ہیں۔علاوہ ازیں اگر کسی بھی ملزم کو مزید کھانا چاہیے تو وہ کینٹین سے جاکر خرید کر کھا سکتا ہے۔
این سی بی کی جانب سے جیل کے اطراف میں چہل قدمی کی اجازت ہے لیکن گرفتاری کے بعد 5 دن کیلئے قرنطینہ میں ہونے کی وجہ سے باہر نہیں نکل سکتے۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے رواں ماہ 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل پر کروز شپ پر چھاپہ مارا تھا جہاں پارٹی چل رہی تھی اور اس پارٹی میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ آریان خان نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ وہ چرس پیتے ہیں۔