پاکستان میں 80فیصد خواتین شعبہ تدریس سے وابستہ ہیں،ملک ابرار


شعبہ تدریس سے منسلک یہ خواتین ملک میں تعلیمی ترقی کے ساتھ ساتھ نسل نو کو معاشرے کا مفید شہری بنانے پر عمل پیرا ہیں


اسلام آباد:آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک ابرار حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں 80فیصد خواتین شعبہ تدریس سے وابستہ ہیں جو ملکی شرح خواندگی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ملکی سماجی ومعاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں، کورونا سے متاثرہ نجی تعلیمی اداروں کوریلیف دینے کا حکومتی وعدہ تاحال پورا نہیں ہوا ہے جس سے نجی شعبہ تاحال مسائل کا شکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایسوسی ایشن کے مرکزی دفتر میں منعقدہ ایریا ایجوکیشن انچارج فی میل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ملک ابرار حسین کا کہنا تھا کہ ملکی تعلیمی ترقی میں خواتین کا کردار ناقابل فراموش ہے اس وقت ملک بھر میں اسی فیصد سے زائد خواتین شعبہ تدریس سے منسلک ہیں جو ملک میں تعلیمی ترقی کے ساتھ ساتھ نسل نو کو معاشرے کا مفید شہری بنانے پر عمل پیرا ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران سب سے زیادہ نجی تعلیمی شعبہ متاثر ہوا ہے اور حکومت کی جانب سے جو ریلیف کے وعدے کیے گئے تھے ان پر عمل درآمد تاحال نہ ہونے سے چھوٹے تعلیمی ادارے باالخصوص شدید مسائل سے دوچار ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اعلان کردہ ریلیف پیکیج پر فی الفور عمل درامد یقینی بنائے تاکہ یہ شعبہ دوبارہ اپنے پاوں پر کھڑا ہو سکے۔ ملک ابرار حسین نے تعلیمی ترقی میں ایریا ایجوکیشن انچارج صاحبات کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں مکمل تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی ۔