اسلام آباد(محمدر ضوان ملک ) پاکستانی شائقین کی دعائیں رنگ لے آئیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد انگلینڈ کو پانچ وکٹوں سے ہرادیا۔ نیوزی لینڈ کے بیٹسمینوں نے 17 ویں اور میں23 رنز بنا کر میچ کا پانسہ پلٹااور انگلینڈ سے یقینی جیت چھین کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ انگلینڈ کی جیت قریبا یقینی ہو چکی تھی لیکن جیمز نیشام کی آمد ہوئی جنہوں نے کرس جورڈن کے ایک اوور میں دو چھکوں سمیت 23 رنز بٹورے اور اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے۔آخر میں ڈیرل چل کی عمدہ بیٹنگ نیوزی لینڈ کی کامیابی کا سبب بنی۔ابوظبی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔انگلش بلے بازوں نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے ۔۔انگلینڈ کے اوپنرز جوز بٹلر اور جونی بیئراسٹو نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور ابتدائی چار اوورز میں نیوزی لینڈ کو وکٹ سے محروم رکھا ۔دونوں اوپنرز نے ٹیم کو 37رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن پاور پلے کے آخری اوور میں کین ولیمسن کے شاندار کیچ نے بیئراسٹو کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔جوز بٹلر نے ڈیوڈ ملان کے ساتھ مل کر ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی لیکن اسی اسکور پر اش سودھی کی گیند پر بٹلر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔بٹلر نے پہلے ایک ریورس سوئپ مارا لیکن دوبارہ اسی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے۔دو وکٹیں گرنے کے بعد ملان کا ساتھ دینے معین علی آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی۔دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کے لیے 63 رنز کی شراکت قائم کی لیکن ٹم سادھی کو چھکا مارنے کے بعد اگلی گیند پر دوبارہ اسی کوشش میں ملان 41 رنز بنانے کے بعد وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔لیام لیونگسٹن کو اختتامی اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کے لیے میدان میں بھیجا گیا جنہوں نے 10 گیندوں پر 17 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ معین کے ساتھ 40رنز کی شراکت بھی قائم کی لیونگسٹن اننگز کے آخری اوور میں آٹ ہوئے۔انگلینڈ نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے ہیں معین علی نے دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 51رنز کی اننگز کھیلی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سادھی، ایڈم ملنے ، اش سودھی اور جیمز نیشام نے ایک، ایک وکٹ لی۔نیوزی لینڈ کے اوپنر مارٹن گپٹل نے چوکا لگا کر اننگز کا آغاز کیا لیکن ایک گیند بعد ہی کرس ووکس کی گیند پر معین علی کو کیچ دے بیٹھے۔ابھی نیوزی لینڈ کی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ ووکس نے ٹیم کو دوسری اور اہم ترین کامیابی دلاتے ہوئے حریف کپتان کین ولیمسن کو چلتا کردیا، عادل رشید نے ان کا کیچ لیا۔کپتان کے آئوٹ ہونے کے بعد کونوے اور ڈیرل مچل نے اسکور 95 رنز تک پہنچایا مگر لیونگسٹن نے 46 رنز بنانے والے کونوے کی وکٹ حاصل کی۔گلین فلپس بھی 2 رنز بنا کر لیونگسٹون کا شکار بنے، اس وقت نیوزی لینڈ کا اسکور 107 رنز تھا۔4 وکٹیں گرنے کے بعد وکٹ پر جیمز نیشام کی آمد ہوئی جنہوں نے کرس جورڈن کے ایک اوور میں دو چھکوں سمیت 23 رنز بٹورے اور اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے۔نیشام اور مچل نے عادل رشید کے بھی ایک اوور میں دو چھکوں سمیت 14 رنز بنائے لیکن اسی اوور کی آخری گیند پر نیشام کی اننگز اختتام کو پہنچی۔تاہم دوسرے اینڈ سے ڈیرل مچل نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی ٹیم کو ایک اوور قبل ہی فتح سے ہمکنار کرا دیا۔
بشکریہ:نوائے وقت



