ٹی ٹوئنٹی کے بعد ٹیسٹ سیریز میں بھی پاکستان کا وائٹ واش
پاکستانی ٹیم دورے کے دوران ناقابل شکست رہی، ساجد خان کی عمدہ بولنگ

ڈھاکا: ڈھاکہ ٹیسٹ میں بارش بھی بنگلہ دیش کو نہ بچا سکی ساجد خان کی 12وکٹوں کی بدولت پاکستان نے بنگلا دیش کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 8رنز سے شکست دیکر دومیچوں کی سیریز میں وائٹ واش کرلیا ہے۔ڈھاکا کے شیر بنگلہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ساجد خان کی شاندار بالنگ کی بدولت پاکستان نے میزبان ٹیم کو ہراکر میچ اور سیریز اپنے نام کرلی ہے۔پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے میچ میں 12وکٹیں حاصل کیں۔پاکستانی بیٹر عابد علی کو سیریز اور ساجد خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
قبل ازیں بنگلا دیش کا دوسری ااننگز میں ٹاپ آرڈر فلاپ ہو گیا۔ اوپنرز شادمان اسلام اور محمود الحسن نے دوسری اننگز کا آغاز کیا ہی تھا کہ حسن علی نے محض 6 سکور پر محمود الحسن کو بولڈ کر دیا۔ ان کے بعد 2 رنز بنانے والے شادمان بھی پویلین لوٹ گئے، نجم الحسن 6 اور مومن الحق 7 رنز بنا سکے۔ لٹن داس نے آ کر ٹیم کو سنبھالا دیا اور 7 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے، انہیں ساجد خان نے آوٹ کیا۔ مشفق الرحمن ففٹی بناتے بناتے رہ گئے، 48 رنز پر رن آوٹ ہوگئے۔ شکیب الحسن نے پاکستانی باولرز کو ٹف ٹائم دیا تاہم انہیں 63 رنز پر ساجد خان نے شکار کیا، مہدی حسن 14 رنز بنا سکے ۔
فالو آن کی شکار بنگلا ٹیم نے قبل ازیں پہلی اننگز کا سلسلہ 7وکٹوں کے نقصان پر 76رنز سے جوڑا تو پاکستانی باولرز نے حریف بلے بازوں کو ٹکنے نہ دیا، تیج الاسلام کو صفر سکور پر ساجد خان نے پویلین کی راہ دکھا دی۔ ان کے بعد خالد احمد آئے، انہیں شاہین آفریدی نے شکار کیا۔ سب سے زیادہ 33 رنز بنانے والے شکیب الحسن کو بھی ساجد خان نے چلتا کیا۔ یوں ساری ٹیم 87 کے مجموعے پر آوٹ ہو گئی۔ ساجد خان نے 8 مخالف بلے بازوں کو آئوٹ کر کے بنگلا دیش کو فالو آن کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ میزبان ٹیم کے 9 بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 300رنز پر ڈیکلیئر کردی تھی۔
بابر اعظم
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوپنرزنے بہت اچھا سٹارٹ دیا،ساجد نے اچھی بالنگ کا مظاہرہ کیا،دودن بارش کی وجہ سے پچ کافی مشکل لگ رہی تھی،آج کی جیت پوری ٹیم کی مشترکہ کوشش ہے۔
بالرز کی شاندار کارکردگی،پاکستان نے ٹیسٹ کرکٹ میں تاریخ رقم کردی
)بنگلا دیش کو ڈھاکا ٹیسٹ میں اننگز اور 8رنز سے شکست دینے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم نے سیریز میں وائٹ واش کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی ہے۔ ڈھاکا ٹیسٹ کے پانچویں روز پاکستانی بالرز نے 13 وکٹیں حاصل کیں اور یوں پاکستان ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز 13 وکٹیں لینے والی دنیا کی واحد ٹیم بن گئی ہے۔
قبل ازیں پاکستان نے بنگلادیش کیخلاف تین میچز کی ٹی 20سیریز بھی 0-3 سے اپنے نام کی تھی اور یوں وہ اس دورہ بنگلادیش میں ناقابل شکست رہا۔

