65 سالہ شخص کے قتل کیس میں پیشرفت، عینی شاہدین مقتول کی بیٹیاں نکلیں

کراچی:کراچی کی مقامی عدالت نے شوہرکو قتل کرکے لاش کے ٹکڑے کرنے والی ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ میں 2 دن کی توسیع کردی ۔جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں شوہر کوقتل کرکے لاش کے ٹکڑے کرنے والی ملزمہ اسما کو پیش کیا گیا۔
تفتیشی افسر نے ملزمہ اور مقتول کا نکاح نامہ عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کیس میں3 عینی شاہد ہیں تینوں عینی شاہدین مقتول کی بیٹیاں ہیں جبکہ مقتول کی ملزمہ سے ایک بیٹی بھی ہے ۔
تفتیشی افسر کے مطابق ملزمہ اور مقتول کا 2013 میں نکاح ہوا تھا، ملزمہ نے کرسچن مذہب چھوڑ کر اسلام قبول کیا تھا ۔تفتیشی افسر نے عدالت میں بتایا کہ وقوعہ کے وقت مقتول کی دو بیٹیاں وہاں پر موجود تھیں ، بڑی بیٹی دونوں بہنوں کو رکشے میں لیکر نامعلوم مقام پر چلی گئی ۔
تفتیشی افسر کے مطابق تینوں کی تلاش جاری ہے جبکہ ملزمہ آئس کا نشہ کرتی ہے۔عدالت نے ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ میں دو روز تک توسیع کرتے ہوئے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔
یاد رہے کہ ملزمہ مقتول کی دوسری بیوی ہے اور دونوں میاں بیوی آئس کا نشہ کرتے تھے۔