پی ٹی آئی پنجاب کے بعد خبیر پختون خوا میں بھی زوال پذیر، مولانا آنہیں رہا آگیا ہے

64 میں سے 53 سیٹوں کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج ،جے یو آئی ف 18 جبکہ حکمراں جماعت تحریک انصاف 14 نشستیں حاصل کر سکی

پشاور:خیبرپختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات میں جے یوا ئی ف نے میدان مار لیا ہے 64 میں سے 53 سیٹوں کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں جمعیت علما اسلام کو برتری حاصل ہے، جب کہ پاکستان تحریک انصاف کو اپنے کئی مضبوط حلقوں میں اپ سیٹ شکست کا سامنا ہے۔
ابتدائی اور غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں جے یو آئی ف صوبے کی حکمراں جماعت تحریک انصاف دھچکا دینے میں کامیاب رہی۔ خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع کی 64 تحصیلوں میں منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ابتدائی نتائج کے مطابق تحصیل چئیرمین کے لیے جمعیت علما اسلام ف 18 نشستوں کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ حکمراں جماعت تحریک انصاف کا 14 سیٹوں کے ساتھ دوسرا نمبر ہے۔
آزاد امیدوار 8 نشتوں اور اے این پی بھی آٹھ نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن خیبرپختونخواہ بلدیاتی انتخابات میں متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام ہوئی اور اب تک صرف تین نشستوں پر فتح حاصل کر سکی، جماعت اسلامی دو اور پاکستان پیپلز پارٹی ایک سیٹ پر جیت سکی۔ صوبے کی سب سے اہم نشست پشاور سٹی پر میئر کی نشست پر جے یو آئی نے میدان مار لیا اور الیکشن بھاری اکثریت سے جیت لیا۔
جے یو آئی کے زبیر علی کو 11 ہزار ووٹوں کی برتری حاصل ہوئی جب کہ پی ٹی آئی کے رضوان بنگش دوسرے نمبر پر ہیں۔ جبکہ صوبے کے 4 میں سے 3 اہم شہروں پشاور، بنوں اور کوہاٹ میں جے یو آئی کا میئر کا امیدوار کامیاب رہا ہے۔ یاد رہے کہ خیبرپختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ گذشتہ روز ہوئی تھی جس کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ جبکہ تحریک انصاف کے رہنما نے نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے اپنی شکست تسلیم کی ہے۔