چئیرمین کی نشست ہارنے والے پی ٹی آئی امیدواروں کا اپنے ہی ایم این اے کے خلاف مظاہرہ

پشاور:بلدیاتی انتخابات میں پشاور کی تحصیل بڈھ بیر اور پشت خرہ سے پی ٹی آئی کے چئیرمین کی نشستیں ہارنے والے امیدواروں اور پارٹی ورکرز نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ناصر موسی زئی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ دونوں تحصیلوں میں انتخابات پارٹی ایم این اے کی وجہ سے ہارے۔
تحصیل بڈھ بیر اور پشت خرہ سے پی ٹی آئی کے چیئرمین کی نشستیں ہارنے والے امیدواروں سمیع اللہ اور عبد الجبار نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ناصر موسی زئی کے خلاف پشاور پریس کلب کے سامنے پارٹی ورکرز سمیت احتجاجی مظاہرہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ناصر موسی زئی نے ان کے مدمقابل امیدواروں کو سپورٹ کیا، جن کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ دونوں تحصیلوں میں انتخابات پارٹی ایم این اے کی وجہ سے ہارنے پڑے۔مظاہرین نے وزیر اعظم عمران خان سے اس سلسلہ میں نوٹس لینے کی درخواست کی۔