
لاہور :ڈالر کو طویل عرصے بعد تسلسل کے ساتھ ریورس گیئر لگ گیا، کئی ہفتوں بعد پہلی مرتبہ امریکی کرنسی کی قیمت 176 روپے کی سطح سے نیچے آگئی۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کاروباری ہفتے کے پہلے روز کے اختتام پر جاری رپورٹ میں بتایا ہے کہ انٹربینک مارکیٹ ڈالر کی قیمت 176 روپے کی سطح سے نیچے آگئی۔
انٹربینک کی رپورٹ کے مطابق ڈالر کی قیمت 176 روپے 07 پیسے سے کم ہو کر 175 روپے 92 پیسے ہو گئی۔ دوسری جانب مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالرکی قدر مستحکم رہی۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پیر کو مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید177 روپے اور قیمت فروخت177.50روپے پر برقرار رہی ۔
فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں1روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے یورو کی قیمت خرید 199.50روپے سے کم ہو کر199روپے اور قیمت فروخت202روپے سے کم ہو کر201روپے پر آ گئی۔ اسی طرح1روپے کی کمی سے برطانوی پاونڈ کی قیمت خرید 239روپے سے کم ہو کر238.50روپے جبکہ قیمت فروخت242سے کم ہو کر241روپے پر آ گئی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا تھا، تاہم حکومت کی جانب سے منی بجٹ منظور کروائے جانے کے بعد گزشتہ ہفتے سے انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں بدتریج کمی آ رہی ہے۔ ڈالر کی قیمت میں کمی کا یہ سلسلہ نئے ہفتے کے آغاز پر بھی جاری رہا۔


