ایئرپورٹ، ہیروئین، کرنسی اسمگلرز گرفتار

لاہور…نورالعارفین

.لاہور ایئرپورٹ: اے ایس ایف نے ہیروئین، کرنسی اسمگلرز گرفتار کرلیے.

لاہور ایئرپورٹ پر اے ایس ایف اہلکاروں نے دو مختلف کامیاب کارروائیوں کے ذریعے ہیروئین اور کرنسی اسمگلرز گرفتار کر لیے جنہیں ابتدائی تفتیش کے بعد مزید کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا ہے۔ لاہور ایئرپورٹ پر اے ایس ایف حکام نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پی کے تین صفر تین پر لاہور سے کراچی جانے والے نارووال کے رہائشی مسافر لطیف حسین کے سامان سے دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ڈیڑھ کلو ہیروئین برآمد کر لی اور ابتدائی تحقیقات کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے گرفتار ملزم کو اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کر دیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ گرفتار ملزم لطیف حسین عمرے کے بہانے سعودی عرب جا رہا تھا جس نے لاہور سے کراچی پہنچ کر برآمد شدہ ہیروئین مزید مدینہ منورہ اسمگل کرنی تھی تاہم اے ایس ایف اہلکاروں نے ملزم لطیف حسین کو کراچی روانگی سے پہلے لاہور ہی میں گرفتار کر لیا۔
دوسری جانب اے ایس ایف اہلکاروں نے ایک اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر بیس لاکھ پاکستانی روپوں کی مالیت کے قریب پندرہ ہزار دو سو پینتیس امریکی ڈالرز اور دس ہزار ایک سو چھ چینی یوآن چُھپا کر لاہور چین لے جانے والے ملزم شاہد عالم سے برآمد کر لیے جو ٹمبر مارکیٹ راوی روڈ لاہور کا رہائشی ہے اور شاہین ایئر لائنز کی پرواز آٹھ نو دو کے ذریعے لاہور سے چین کے صنعتی شہر گوانگ ژو جانے کی کوشش کر رہا تھا۔ اے ایس ایف نے ابتدائی تفتیش کے بعد گرفتار ملزم شاہد عالم کو کسٹمز حکام کے حوالے کر دیا ہے۔ ایک ہی دن میں دو بڑی اور کامیاب کارروائیاں کرنے پر لاہور ایئرپورٹ کے چیف سیکیورٹی افسر محمد احسان اللہ نے ڈیوٹی عملے کو شاباش اور مُبارکباد پیش کی ہے۔