کراچی:علی زیدی کی جانب سے کی گئی نامزدگیوں کے 24 گھنٹے بعد تحریک انصاف سندھ میں اختلافات شدید ہوگئے اور کئی سنئیر اور اہم رہنماء مستعفیٰ ہو گئے ہیں ۔حلیم عادل شیخ نے سینئر نائب صدر کے عہدے سے استعفی دیدیا تاہم وہ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کے عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔سینئر نائب صدر پی ٹی آئی سندھ طاہر حسین شاہ نے عہدے استعفی دیدیا ہے جبکہ گورنرسندھ کے مشیر علی جونیجو نے پی ٹی آئی سندھ کے نائب صدر کے عہدے کا استعفی بھیج دیا ہے۔دو سینئر نائب صدور اور گورنرسندھ کے مشیر کے بعد تحریک انصاف میرپورخاص کے جنرل سیکریٹری اکبرعلی پلی بھی مستعفی ہوگئے۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ نجی مصروفیات کی وجہ سے مستعفی ہوا ہوں باقی باقی رہنماں کے اعتراضات میرے علم میں نہیں ہے۔
یاد رہے کہ 16 فروری کو تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے صوبائی کابینہ اور پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے ڈویژنل عہدیداران کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔نوٹیفکیشن کے مطابق اللہ بخش انڑ، ایم این اے شکور شاد، طاہر شاہ اور اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ پی ٹی آئی سندھ کے سینئر نائب صدور ہوں گے۔ایم این اے لال مالہی، علی جونیجو، آغا ارسلان، ایم پی اے راجہ اظہر، گل محمد رند اور ایم پی اے سدرہ عمران صوبائی نائب صدور ہوں گے۔ڈاکٹر غلام عباس سکھر ڈویژن، غالب خان ڈومکی لاڑکانہ، خاوند بخش حیدرآباد اور عنایت رند کو پی ٹی آئی نوابشاہ کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔
اس سے قبل 25 دسمبر کو عمران خان نے تحریک انصاف کی نئی مرکزی تنظیم کا اعلان کیا تھا جس میں اسد عمر تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل ، پرویز خٹک خیبر پختونخوا، علی زیدی سندھ، قاسم سوری بلوچستان، شفقت محمود پنجاب اور خسرو بختیار کو جنوبی پنجاب کے صدور مقرر کردیے گئے تھے۔
