جنرل باجوہ نے مولانا کو ڈیزل کہنے سے منع کیا ہے ،لوئر دیر میں خطاب کے دوران وزیراعظم کا انکشاف
وزیراعظم نے الیکشن کمیشن کی بھی نہیں مانی منع کرنے کے باوجود وزیراعظم کا لوئر دیر میں جلسہ سے خطاب

لوئر دیر:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے انہیں فضل الرحمن کو ڈیزل کہنے سے منع کیا ہے۔لوئر دیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ غریب سے غریب انسان بھی اگر کسی کے آگے نہیں جھکے گا تو لوگ اس کی عزت کریں گے جبکہ امیر سے امیر آدمی بھی اگر کسی کے آگے جھکتا ہے تو کوئی اس کی عزت نہیں کرتا، انسان جب کسی کے آگے جھکتا ہے تو وہ اپنی عزت کھو بیٹھتا ہے اور جب قوم کسی کے سامنے جھکتی ہے تو اس قوم کی کوئی عزت نہیں کرتا اور اس ملک کے پاسپورٹ کی عزت نہیں کرتا۔
جلسے میں عوام کی جانب سے ڈیزل ڈیزل کے نعرے لگانے پر انہوں نے کہا کہ ابھی میری جنرل باجوہ سے بات ہورہی تھی، انہوں نے کہا ہے کہ فضل الرحمن کو ڈیزل نہ کہیں لیکن جنرل باجوہ میں تو انہیں نہیں کہتا البتہ عوام نے اس کا نام ڈیزل رکھ دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا صرف خوددار قوم کی عزت کرتی ہے، وہ قوم جو اپنی عزت نہیں کرتی، دنیا اس کی عزت نہیں کرتی، میں نے جب سے سیاست شروع کی یہی کہا کہ ہم پاکستان کو ایک خوددار قوم بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میرا منشور تھا کہ ہم اپنے ملک کو فلاحی ریاست بنائیں گے اور اپنے ملک میں عدل و انصاف کا نظام لائیں گے، طاقتور کو قانون کے نیچے لائیں گے، 25سال قبل یہ تین چیزیں میرے منشور کا حصہ تھیں اور ہم نے یہ منشور مدینہ کی ریاست سے لیا تھا۔
عمران خان نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ تینوں 30 سے 35سال سے ملک پر حکومت کررہے ہیں، اگر آج ہمارے سبز پاسپورٹ کی دنیا میں عزت نہیں تو یہ ان تینوں کی وجہ سے ہے کیونکہ انہوں نے ہمارے ملک کو مقروض کیا اور بڑی بڑی عالمی طاقتوں کے سامنے جھکے۔
قبل ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیر اعظم عمران خان کو لوئر دیر میں آج جلسے میں شرکت سے روکا تھا ۔ لیکن انہوں نے الیکشن کمیشن کی بات بھی نہیں مانی الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مذکورہ فیصلہ سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے، تمام ارکان پارلیمنٹ کو انتخابی مہم میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی ، پبلک آفس ہولڈرز پر انتخابی مہم میں حصہ لینے پر پابندی رہے گی۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے الیکشن کمیشن کے منع کرنے کے باوجود خیبر پختونخواہ بلدیاتی انتخابات کے لیے دوسرے مرحلے کے لیے لوئر دیر میں جلسے سے خطاب کر دیا۔


