سندھ ہاوس پر دھاوا بولنے والے پی ٹی آئی کے گرفتار کارکنوں کو رہا کر دیا گیا

گزشتہ روز پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سندھ ہاس پر دھاوا بولا تھا اور گیٹ توڑ دیا تھا
چیف جسٹس پاکستان نے سندھ ہائوس پر حملے کا نوٹس لے لیا، اٹارنی جنرل اور آئی جی طلب


اسلام آباد: سندھ ہاس پر دھاوا بولنے والے پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار کارکنوں کو رہا کر دیا گیا۔پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کو شخصی ضمانت پر رہا کیا گیا، علاقہ مجسٹریٹ سے ضمانت ملنے کے بعد تمام کارکنوں کو رہا کیا گیا۔پی ٹی آئی کارکنوں پر کار سرکار میں مداخلت اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، مقدمے میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی بھی شامل تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے 2 ارکان اسمبلی نے کارکنوں کے ہمراہ سندھ ہاس پر حملہ کیا تھا اور دروازہ توڑ دیاتھا۔ تحریک انصاف کے کارکن سندھ ہاس کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور توڑ پھوڑ بھی کی۔
اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے 13 کارکنوں کو گرفتار کر کے تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کیا تھا جبکہ وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل تھانے پہنچ کر پی ٹی آئی ایم این ایز کو چھڑوا کر ساتھ لے گئے تھے۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے سندھ ہائوس پر حملے کا نوٹس لے لیا۔
جیونیوز کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں سندھ ہاس پر حملے کے کیس کی سماعت کچھ دیر میں ہوگی۔عدالت نے اس حوالے سے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا ہے اور آئی جی اسلام آباد کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز منحرف اراکین کی سندھ ہاس اسلام آباد میں موجودگی کی خبر کے بعد پی ٹی آئی کے دو ارکان اسمبلی کارکنان کے ہمراہ سندھ ہاس پہنچے جہاں ڈنڈا اور لوٹے اٹھائے مشتعل کارکنان نے سندھ ہاس پر حملہ کردیا۔