
اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان کے خلاف متحدہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے قومی اسمبلی میں جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد پر ممکنہ ووٹنگ تو 3 اپریل کوہو رہی ہے شوبز شخصیات وزیر اعظم کی حمایت میں سامنے آگئیں۔اگرچہ ماضی میں شوبز شخصیات مبہم انداز میں عمران خان کی حمایت کرتی تھیں، تاہم اب سیاسی ماحول گرم ہونے کے بعد اداکار بھی اپنی سیاسی رائے کا کھل کر اظہار کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
جہاں شوبز شخصیات نے 27 مارچ کو اپنے مداحوں کو اسلام آباد میں وزیر اعظم کے جلسے میں شرکت کرنے کی اپیل کی تھی، اب متعدد اداکار عمران خان کو پاکستان کی آخری امید قرار دے رہے ہیں۔
اداکارہ سائرہ یوسف نے وزیر اعظم عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری میں ان کی حمایت کا اعلان کیا اور لکھا کہ لوگوں نے انہیں منتخب کیا اور وہ انہیں ہی سلیکٹ کریں گی۔
اداکارہ مایا علی نے بھی عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انسٹاگرام پوسٹ میں ان کی حمایت کا اعلان کیا اور لکھا کہ لوگوں کے ووٹ کی عزت ہے اور پاکستان کو بھی ان کو ضرورت ہے۔
مایا علی نے لکھا کہ پاکستان میں عمران خان واحد سیاست دان ہیں جو ملک کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں اور وہ اسی لیے ان کے ساتھ کھڑی ہیں، ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ چیزوں کو بنانے میں وقت لگتا ہے۔
اداکار و ہدایت کار علی کاظمی نے بھی اپنی ٹوئٹ میں عمران خان کی حمایت کرتے ہوئے لکھا کہ اگر ہم انہیں کھو دیتے ہیں تو یہ ہماری بدقسمتی ہوگی۔علی کاظمی نے ٹوئٹ میں لکھا کہ عمران خان ایک سچے لیڈر ہیں، وہ سب ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اداکار شہروز سبزواری نے بھی انسٹاگرام اسٹوری میں عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی حمایت کی اور ان کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔
یوٹیوبر زید علی نے بھی عمران خان کی حمایت کرتے ہوئے انہیں پاکستان کی آخری امید قرار دیا اور لکھا کہ ہم بطور قوم ناکام ہو چکے ہیں اور واقعی ہم عمران خان جیسے لیڈر کے لائق ہی نہیں۔
یوٹیوبر اور اداکار شاہ ویر جعفری نے بھی عمران خان کی حمایت کرتے ہوئے انہیں نئی نسل کے لیے امید قرار دیا۔
سابق ماڈل انعم ملک نے بھی عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔
گلوکار و اداکار فرحان سعید نے بھی عمران خان کی حمایت کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ وہ 3 اپریل کو تحریک عدم اعتماد ناکام ہونے کے بعد مزید مضبوط بن کر عوام کے سامنے آئیں گے، انہوں نے وزیر اعظم کے 31 مارچ کو قوم سے خطاب کی ویڈیو بھی شیئر کی۔
دوسری جانب عمران خان کی سابق اہلیہ اور صحافی ریحام خان نے شوبز شخصیات کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور وزیر اعظم کی حمایت کرنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے شوبز شخصیات کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کی تعریفیں اور ان کی حمایت کرنے کے عمل کو افسردہ بھی قرار دیا۔انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا کہ جب شوبز شخصیات کو اسکرین پر کام کرتے دیکھ کر ان کے لیے عزت بڑھ جاتی ہے، ان کی جانب سے فاشسٹ حکومت کی تعریف کرنے پر دکھ ہوا۔
وزیر اعظم کی سابق اہلیہ نے اپنی مختصر ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا کہ اب حالیہ حکومت ختم ہونے کے راستے پر گامزن ہے۔ریحام خان نے لکھا کہ فنکاروں کو ایسے سیاستدانوں کے خلاف استعمال نہیں ہونا چاہیے جو کہ حکومت کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے فنکاروں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے کام سے کام رکھیں اور حکومت کی تعریفیں کرنے سے باز رہیں۔
ان کی ٹوئٹ پر متعدد افراد نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں طعنہ دیا کہ جب صحافی اور دیگر لوگ بھی اپنے پسندیدہ سیاستدانوں کی تعریفیں کر سکتے ہیں تو فنکار کیوں نہیں؟



