فرح خان امارات پہنچ گئیں، بشری بی بی کی بہن کیجانب سے دی گئی دعوت افطار میں شرکت

دبئی:ذرائع کے مطابق خاتون اول بشری بی بی کی دوست فرح شہزادی المعروف فرح خان تین اپریل کودبئی پہنچیں، وہ لاہور سے غیر ملکی پرواز ای کے623 سے دبئی پہنچی تھیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فرح شہزادی نے پاکستانی پاسپورٹ کا استعمال کیا اور گزشتہ روز ابوظبی میں افطار ڈنر میں شرکت کی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق فرح کو خاتون اول بشری بی بی کی بہن مریم ریاض نے افطارپر مدعو کیا تھا۔خاتون اول کی دوست فرح خان پر علیم خان اور دیگر نے کرپشن کے الزامات عائد کیے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ فرح شہزادی کی غیر ملکی پراپرٹیز کی بھی اطلاعات ہیں۔ جیو نیوز نے فرح شہزادی کا مقف جاننے کیلئے رابطے کی کوشش کی اور ان کے امارات میں رہائش پذیر قریبی دوستوں سے بھی رابطہ کیا گیا۔
فرح کے قریبی دوستوں نے بتایا کہ وہ ابھی کچھ کہنے کی پوزیشن میں نہیں۔جیو نیوز نے اصرار کیا کہ سنگین کرپشن کے الزامات پر جواب درکار ہے تاکہ معاملہ شفاف ہوجائے۔ اس پر ان کے قریبی حلقوں کا کہنا تھاکہ پیغام فرح کوپہنچا دیا گیا ہے، جلد الزامات کا جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب خاتون اول بشری بی بی کے بیٹے موسی مانیکا کا فرح خان سے متعلق بیان سامنے آیا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں موسی مانیکا نے کہا کہ فرح خان سے مانیکا خاندان کا کوئی لینا دینا نہیں، فرح خان رہائش کیلئے دبئی چلی گئی ہیں، ہمارے خاندان کا فرح خان کی کسی ڈیل سے تعلق نہیں، فرح خان نے وزیراعظم اور میری والدہ کے ساتھ اچھا نہیں کیا۔