اسلام قبول کرنیوالے سابق کورین پاپ گلوکار داد کم نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی

اپنے تمام مسلمان بہن بھائیوں کے لیے دعا کرتا ہوں کہ خدا ہمارے تمام گناہوں کو معاف کرے


مکہ المکرمہ: اسلام قبول کرنے والے سابق کورین پاپ گلوکار اور یوٹیوبر داد کم نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی۔
داد کم نے حال ہی میں انسٹاگرام پر مسجدالحرام سے اپنی تصاویر اور ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو عمرے کی سعادت حاصل کرنے کی خوشخبری سنائی۔
داد کم نے لکھا بالآخر میں مکہ آگیا۔ انہوں نے لکھا میں خوش قسمت ترین شخص ہوں کیونکہ اللہ نے مجھے منتخب کیا اور وہی مجھے یہاں لے کر آیا۔ انہوں نے خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا اللہ کا شکر ہے کہ اس نے مجھے دنیا کے مقدس ترین شہر میں آنے کا موقع دیا۔
داد کم نے مزید لکھا میں اپنے تمام مسلمان بہن بھائیوں کے لیے دعا کرتا ہوں کہ خدا ہمارے تمام گناہوں کو معاف کرے ، اللہ ہماری تمام دعاں کو قبول فرمائے، رمضان مبارک۔
واضح رہے کہ جنوبی کوریا کے مقبول ترین سابق پاپ گلوکار اور یوٹیوبر داد کم جن کا اسلام قبول کرنے سے قبل نام جے کم تھا نے 2019 میں دائرہ اسلام میں داخل ہونے کا اعلان کرکے تمام لوگوں کو حیران کردیا تھا۔