سابق فوجیوں کو بھی ڈی ایچ اے میں پلاٹ ملتے ہیںتو وہ اپنی مرضی کرتے ہیں
تمہارا تحفہ تمہاری مرضی نہیں،تحفے بھی ریاست کے اور مرضی بھی ریاست کی،مریم نواز کا ردعمل

اسلام آباد:سابق وزیراعظم و تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے توشہ خانے کے معاملے پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرا تحفہ میری مرضی۔پیر کو صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ توشہ خانہ سے جو کچھ لیا وہ ریکارڈ پر ہے، ایک صدرنے گھرپرتحفہ بھجوایا تو وہ تحفہ توشہ خانہ بھیج کرآدھی قیمت ادا کرکے اپنے پاس رکھا۔ان کا کہنا تھاکہ ہم نے توشہ خانہ کی چیزوں کی قیمت 15سے بڑھاکر 50 فیصد کی، اگر پیسہ بناناہوتا توگھرکوکیمپ آفس ڈکلیئرکرکے کروڑوں روپیہ بناتا۔ عمران خان کا کہنا تھاکہ فوجیوں کو بھی ڈی ایچ اے میں پلاٹ ملتے ہیں تو ان کی مرضی وہ جو چاہیں کریں۔
فرح خان سے متعلق انہوں نے کہا کہ فرح خان کے پاس عہدہ تھا نہ وزارت، وہ کیسے پیسے لے سکتی ہے؟ اس سلسلے میں کسی کے پاس کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعظم ہائوس میں سینیئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ میں تصدیق کر سکتا ہوں کہ عمران خان نے توشہ خانے سے تحائف لے کر بیرون ملک فروخت کیے ہیں۔
وزیراعظم نے بیچے گئے تحائف کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے یہ تحائف 14 کروڑ روپے میں دبئی میں فروخت کیے، قیمتی تحائف میں ڈائمنڈ جیولری، بریسلٹ، گھڑیاں اور سیٹ شامل ہیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے اس بیان کے درعمل میں مریم نواز نے کہا ہے کہ تمہارا تحفہ تمہاری مرضی نہیں،تحفے بھی ریاست کے اور مرضی بھی ریاست کی چلے گی اب تمہیں حساب تو دینا پڑے گاپاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ تمہارا تحفہ تمہاری مرضی نہیں بلکہ تحفے بھی ریاست کے اور مرضی بھی ریاست کی چلے گی۔
انہوں نے کہا کہ اب تمہاری دھونس نہیں چلے گی، آنکھیں کھول لو، تمہاری جعلی حکومت اور تمہارا مستقبل، دونوں ختم اور حساب تو دینا پڑے گا۔



