
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد پر کوئی فضائی خلاف ورزی نہیں ہوئی، نہ ہی کرم ایجنسی میں کوئی ڈرون حملہ ہوا ہے۔ امریکی افواج کی بروقت اطلاع پر افغان سرحد کے ساتھ پاک فوج چوکس ہے۔
آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق کرم ایجنسی میں ڈرون حملے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں جبکہ افغانستان میں امریکی و افغان فورسز خوست و پکتیا میں فوجی آپریشن کر رہی ہیں اور یہ علاقے کرم ایجنسی کے دوسری طرف واقع ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق24 گھنٹے کے دوران ان علاقوں میں کئی فضائی حملے کیے گئے اور افغانستان کے ان علاقوں میں دہشت گردوں کے بھاری نقصانات کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب آرمی چیف کے دورہ افغانستان کے تناظر میں دونوں فورسز میں رابطہ بڑھا ہے، امریکی افواج نے افغان علاقے کے اندر مذکورہ آپریشن کے متعلق بروقت اطلاعات دیں۔ ایک بہتر سیکیورٹی کوآرڈینشن دونوں ملکوں کو پائیدار امن و استحکام کی طرف لے جائے گا اور بہتر رابطوں سے مشترکہ دشمن کو شکست ہوگی۔




