موت سے متعلق بیان والدہ کی ڈانٹ پر ایلون مسک نے معافی مانگ لی

اسلام آباد:مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کی خریداری کرنے والے ارب پتی ایلون مسک نے اپنی پراسرار موت سے متعلق ٹوئٹ پر والدہ سے معافی مانگ لی۔ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ اگر میں پراسرار حالات میں مر جاتا ہوں، تو آپ کو جان کر اچھا لگے گا۔
ایلون مسک کے اس ٹوئٹ پر جہاں ٹوئٹر صارفین نے ردعمل دیا تو وہیں ان کی والدہ بھی خاموش نہ رہ سکیں۔بیٹے کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے ایلون مسک کی والدہ نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مضحکہ خیز نہیں ہے۔
دوسری جانب ایلون مسک نے والدہ سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ میں معذرت خواہ ہوں، میں زندہ رہنے کی پوری کوشش کروں گا۔
ایلون مسک کا اپنی پراسرار موت سے متعلق بیان
واضح رہے کہ ایلون مسک نے اس ٹوئٹ سے پہلے ایک پوسٹ شیئر کی تھی جو بظاہر ایک کمیونیکیشن کے طور پر ظاہر ہوتی ہے جس میں روسی زبان میں ایک بیان کا حوالہ دیا گیا جو مبینہ طور پر سیاست دان اور روسی خلائی ایجنسی روسکو سموس کے سربراہ دمتری روگوزین نے ماسکو میڈیا کو دیا تھا۔
بیان میں مسک کا نام لیا گیا اور کہا گیا تھا کہ ان کی کمپنی اسٹار لنک موجودہ یوکرینی تنازع میں ملوث ہے۔مواصلات میں یہ دعوی بھی کیا گیا کہ یہ سامان یوکرین میں امریکی محکمہ دفاع کے ہیڈکوارٹر پینٹاگون نے پہنچایا۔