نیب کے فرح خان، احسن جمیل گجر کیخلاف تحقیقات کیلئے مختلف اداروں کو خطوط

اسلام آباد:بشری بی بی کے خلاف نیب ایکشن میں ،سابقہ خاتون اول بشری بی بی کی دوست فرح خان اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔قومی احتساب بیورو (نیب) ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے مختلف اداروں کو اس حوالے سے خطوط ارسال کردیے ہیں۔
نیب ذرائع کے مطابق فرح خان اور احسن جمیل گجر کی مبینہ کمپنیوں کا ریکارڈ جمع کرنے کے لیے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی ) کے نام خط لکھا ہے۔ذرائع کے مطابق فرح خان اور احسن جمیل گجر کے ٹیکس ریکارڈ اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ کے حصول کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو بھی مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔
نیب ذرائع کیمطابق مشتبہ بینک اکاونٹس کی معلومات کے لئے مختلف حکومتی اور پرائیویٹ بینکوں کو بھی مراسلے جاری کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں کے نام جائیدادوں کی مکمل تفصیلات کے لیے ریونیو آفس و دیگر متعلقہ اداروں سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔نیب ذرائع کیمطابق نیب لاہور نے جائیداد کی تفصیل کے لیے لینڈ ریکارڈز کو بھی مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق فرح خان اور ان کے شوہر کے خلاف نیب قانون کے سیکشن 19 کے تحت معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔