جائیداد کیلئے والدہ اور دیگر عزیزوں کو قتل کرنے والے امریکی شہری پر فرد جرم عائد

واشنگٹن:ایک امریکی شہری پر جائیداد کی خاطر اپنی والدہ کو سمندر میں پھینک کر قتل کرنے پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ورمونٹ کے 28 سالہ ناتھن کارمین پر الزام ہے کہ اس نے 2016 میں اپنی والدہ لندا کارمین کو اس وقت سمندر میں پھینک دیا جب وہ ایک جزیرے پر ماہی گیری کے لیے گئے تھے۔امریکی شہری پر الزام ہے کہ اس نے اپنی والدہ کو خاندانی جائیداد ہتھیانے کیلیے سمندر میں پھینک کر قتل کیا۔
امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق کارمین اپنی والدہ کے ساتھ مچھلی پکڑنے گیا تھا، 8 دن بعد وہ اکیلا پایا گیا لیکن اس کی والدہ کی لاش نہیں مل سکی۔امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ناتھن کارمین کو منگل کو گرفتار کیا گیا، اس پر 6 الزامات میں فرد جرم عائد کی گئی۔
کارمین پر پراسیکیوٹر نے 2013 میں اپنے دادا چکالوس کوگھر میں گولی مار کر قتل کرنے کا الزام بھی لگایا۔نئی فرد جرم میں 28 سالہ ناتھن کارمین پر الزام عائد کیا گیا کہ اس نے پیسہ اور دیگر جائیداد حاصل کرنے کیلیے اپنے 2 رشتے داروں کو بھی قتل کیا ہے۔
امریکی شہری پر اس کمپنی کو بھی دھوکا دینے کی کوشش کا الزام لگایا گیا ہے، جس سے اس نے اپنی کشتی کی انشورنس کروا رکھی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کارمین کو قتل کا الزام ثابت ہونے پر عمر قید جبکہ دھوکا دہی کے الزامات میں 30 برس تک قید ہوسکتی ہے۔