کے پی ایل کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اس سال ساتویں ٹیم جموں جانباز بھی کے پی ایل کے سیزن 2 میں حصہ لے رہی ہے

اسلام آباد(انٹرویو: خرم شہزاد اعوان )مظفرآباد ٹائیگرز کے چیئرمین ارشد خان تنولی نے کہا ہے کہ کشمیر پریمیئر لیگ پاکستان کی سب سے بڑی لیگ بننے جا رہی ہے، سپورٹس ڈپلومیسی کے زریعے مسئلہ کشمیر کو دنیا تک پہنچانا ہمارا مشن ہے، کے پی ایل کے انعقاد سے کشمیر کے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں اور ٹیلنٹ کو دکھانے کا موقع ملا ہے، کے پی ایل کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اس سال ساتویں ٹیم جموں جانباز بھی کے پی ایل کے سیزن 2 میں حصہ لے رہی ہے جو کشمیر پریمیئر لیگ کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے کے پی ایل کو این او سی جاری کر دیا ہے، کشمیر میں سٹیڈیمز کی کمی ہے مظفرآباد کے علاوہ دو تین کرکٹ سٹیڈیم اور ہونے چاہیں صرف ایک ہی کرکٹ گرائونڈ سے میچوں کے انعقاد میں مسائل درپیش ہوتے ہیں ، مظفرآباد کرکٹ سٹیڈیم کشمیرحکومت کی پراپرٹی ہے جب کہ میر پور میں ایک پی سی بی کا سٹیڈیم ہے مگر وہاں پر فلڈ لائٹس نہیں ہیں ۔سی پیک کو خصوصی انٹرویو میں مظفرآباد ٹائیگرز کے چیئرمین ارشد خان تنولی نے کہا کہ مظفرآباد ٹائیگر ٹیم کے پی ایل کے سیزن ٹو میں فیورٹ ہے پہلے سیزن میں ٹیم نے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا مگر بدقسمتی سے ہم فائنل ہار گئے لیکن اس بار ہم پورے اعتماد کے ساتھ آ رہے ہیں اور فائنل جیتیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مظفرآباد ٹائیگرز کی ٹیم میں سلیکشن کے لئے گراس روٹ لیول پر کام شروع کر دیاہے ۔
انہوں نے کہا کھلاڑیوں کی سلیکشن کے لیے ہم مظفرآباد سمیت مانسہرہ میں ٹرائلز لیے ہیں ہماری ٹرائلز ٹیم میں سابق ٹیسٹ کرکٹر سعید اجمل بھی شامل ہیں ان ٹرائلز کے بہترین نتائج ہمیں ملے ہیں جس سے مظفرآباد ٹائیگرز کے لیے نیا ٹیلنٹ ملا ہے انھوں نے کہا کہ مظفرآباد ٹائیگرز انتظامیہ نے پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس کے تحت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو تربیت کے لیے آ سٹریلیا یا انگلینڈ بھجوایا جائے گا ۔
ارشد خان تنولی نے کہا کہ مظفرآباد ٹائیگرز کی ٹیم ایک بیلنس ٹیم ہے ہمارے پاس پاکستان کا سب سے بڑا نام شاہد آفریدی کے طور پر موجود ہے جبکہ ٹیم کے کپتان محمد حفیظ ہیں جو کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں کشمیر پریمیئر لیگ کے پہلے سیزن سے کافی ٹیلنٹڈ کھلاڑی سامنے آ ے ہیں جو پی ایس ایل کا حصہ بنے ہیں جن کو پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز نے اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے جو ہماری لیگ کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے انہوں نے کہا کہ کشمیر پریمیئر لیگ کے دوسرے سیزن کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ ہونے جا رہی ہے مظفرآباد ٹائیگرز نے پانچ کھلاڑیوں کو رکھا ہے جبکہ باقیوں کی سلیکشن ڈرافٹنگ میں ہو گی ۔
مظفرآباد ٹائیگرز کے چیئرمین ارشد خان تنولی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے جونیئر لیگ میں ہم نے شمولیت کے لیے درخواست دی ہے اور ہمارا مستقبل میں ارادہ ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں بھی شرکت کریں گے گزشتہ سیزن میں کھلاڑیوں کے بقایا جات کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کے بقایاجات ادا کیے جا چکے ہیں کھلاڑیوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ہم نے کمیٹی بنا دی ہے جو تمام مسائل کو دیکھ رہی ہے پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشلز کو ہم۔اپنی تقریبات پر مدعو کر رہے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ کشمیر پریمیئر لیگ کے میچوں کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ بھی شرکت کریں گے جس سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہونگے ۔ انہوں نے کہا کشمیر میں صرف ایک مکمل سٹیڈیم ہے جبکہ میر پور میں سٹیڈیم موجود ہے جو پی سی بی کے زیر کنٹرول ہے ہے مگر اس میں فلڈ لائٹس نہیں ہیں ہمارا پی سی بی انتظامیہ سے مطالبہ ہے کہ میرپور کرکٹ سٹیڈیم میں فلڈ لائٹس لگواکر ہمیں دیا جائے تاکہ کشمیر پریمیئر لیگ کے میچوں کے انعقاد کے لیے آ سانی ۔ مل سکے ۔ارشد خان تنولی نے کہا کہ سپورٹس ڈپلومیسی ای واحد حل ہے جس
کے ذریعے کسی بھی اہم مسئلے کو پوری دنیا میں اجاگر کیا جا سکتا ہے کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کرنے میں کشمیر پریمیئر لیگ اہم کردار ادا کر رہی ہے میری تمام پاکستانیوں سے گزارش ہے کہ یہ آپ کی اپنی لیگ ہے اس کے ذریعے مسئلہ کشمیر پوری دنیا میں اجاگر ہو رہا ہے جس کی کامیابی کے لیے اپنی تمام تر کوششوں کو بروئے کار لائیں جس سے پوری دنیا میں کشمیر کا مسئلہ اجاگر ہو ۔

