پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اتحادیوں کا اظہار تشویش، وزیراعظم سے بات کرنے کا فیصلہ ،مریم نواز کی بھی فیصلے پر تشویش

اسلام آباد: عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث توقع کی جارہی تھی کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کرے گی اور پٹرولی کی قیمت 200 روپے فی لٹر تک آجائے گی لیکن حکومت نے عوامی توقع کے برعکس پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رات گئے اضافہ کر دیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہوگیا ہے۔
حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 72 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 233 روپے 91 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 51 پیسے کی کمی ہے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 43 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 244 روپے 44 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے، جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 191 روپے 75 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں 1 روپے 67 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے اور نئی قیمت 199 روپے 44 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
حکومت کی بڑی اتحادی جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی بجائے اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ انہیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش ہے اور وہ اس سلسلے میں وزیراعظم سے بات کریں گے۔ ایک بیان میں انہوں نے اس پر نارضگی کا ااظہار کیا کہ اس معاملے میں انہیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ انہوں نے کہا اس سلسلے میں ہم سے مشاورت ہونی چاہیے تھی جو نہیں کی گئی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اتحادی جماعت ایم کیو ایم نے حکومتی فیصلے پر تنقید اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ مہنگائی میں مزید اضافہ کا سبب بنے گا عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے۔
رابطہ کمیٹی کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے غریب عوام پر رحم کیا جائے اور ہر ممکن ریلیف دیا جائے ماہانہ آمدن کم ہے اور پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے ٹیکس کی مد میں اخراجات دوگنے ہوچکے ہیں۔رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ حکومت ملک کو مشکل حالات سے نکالنے کیلئے بہتر حکمت عملی اپنائے وزیراعظم شہباز شریف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے فیصلے پر نظرِ ثانی کریں۔
سب سے بڑھ کر یہ کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔



