
اقوام متحدہ(شِنہوا)مشرق وسطی میں امن عمل کیلئے اقوام متحدہ کے خصوصی کوآرڈنیٹر ٹور وینز لینڈ نے غزہ اور اسرائیل میں جنگ بندی کو نازک قرار دیتے ہوئے تشدد کے دور کو ختم کرنے کیلئے دو ریاستی حل کی جانب مذاکرات پر زور دیا ہے۔
وینزلینڈ نے مشرق وسطی کی صورت حال پر سلامتی کونسل کے اجلاس کو بتایا کہ گزشتہ دنوں غزہ پٹی میں اسرائیلی فوجی دستوں اور مسلح فلسطینی گروہوں خصوصا جہاد اسلامی فلسطین کے درمیان کشیدگی میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔اتوار کی شب جہاداسلامی فلسطین اور اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے الگ الگ بیانات میں اعلان کیا تھا کہ جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے، ٹور وینز لینڈ نے باور کرایا کہ جنگ بندی ابھی تک برقرار ہے۔
اقوام متحدہ کے شانہ بشانہ جنگ بندی کو یقینی بنانے کیلئے مصر کے اہم کردار کے ساتھ ساتھ فریقین کے تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے ٹور وینز لینڈ نے کہا کہ کشیدگی میں کمی سے ایک مکمل پیمانے پر جنگ شروع ہونے سے روکنے میں مدد ملی ہے اور اس کے باعث پیر کے اوائل سے غزہ میں لوگوں تک ضروری انسانی امداد کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔



