اسلام آباد میں 7 سالہ بچی کو آگ لگا کر قتل کردیا گیا

واقع اسلام آباد کے نواحی گائوں کرپا میں پیش آیا،والد نے پڑوسی خاتون پر شک کا اظہار کر دیا


اسلام آباد:اسلام آباد کے نواحی علاقہ کرپا میں ایک انسانیت سوز واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک سات سالہ معصوم بچی کو زندہ جلا دیا گیا ہے۔ تھانہ کرپا نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے تھانہ کرپا میں پڑوسی خاتون اور نامعلوم نوجوان کیخلاف بچی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، والد نے درخواست میں موقف اپنایا کہ میری والدہ اور بیوی ختم قرآن پر گئیں تو ساتھ بیٹی مائرہ بھی گئی ہوئی تھی، واپسی پر بیٹی چھت پر گئی تو اچانک جلنے کی بو آئی۔ جب ہم لوگوں نے چھت پر جاکر دیکھا تو مائرہ کے بستر کو آگ لگی تھی لیکن وہاں بیٹی موجود نہیں تھی۔
والد نے بتایا کہ بعد ازاں بیوی کے تلاش کرنے پر بچی کی چلی ہوئی لاش پانی کی ٹینکی سے ملی۔
پولیس کے مطابق بچی کے والد نے پڑوسی خاتون پر بچی کو جلا کر قتل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ چھت سے پڑوسی خاتون کو سڑک کی طرف بھاگتے دیکھا جبکہ اس کے ساتھ ایک نامعلوم لڑکا بھی تھا۔تھانہ کرپا پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔