پاکستان کو آئی ایم ایف کی قسط موصول ہوگئی ،زرمبادلہ کے ذخائر بہترہوں گے ، اسٹیٹ بنک

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت 2 روپے 7 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 2 روپے 99 پیسے فی لیٹر بڑھا دی ہے۔
خزانہ ڈویژن کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تبدیل کی ہیں، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم ستمبر 2022 سے ہو چکا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی فی لیٹر نئی قیمتیں
پیٹرول 235 روپے 98 پیسے
ڈیزل 247 روپے 43 پیسے
مٹی کا تیل 210 روپے 32 پیسے
لائٹ ڈیزل آئل 201 روپے 54 پیسے
پریس ریلیز کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 7 پیسے، ڈیزل کی قیمت 2 روپے 99 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 10 روپے 92 اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 9 روپے 79 پیسے بڑھائی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 15 اگست کو وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 72 پیسے اضافہ کیا تھا۔جس پر مختلف حلقوں حتیٰ کہ مسلم لیگ ن کے اندر سے بھی حکومت پر شدید تنقید کی گئی تھی۔تاہم 15 دن بعد حکومت نے ایک بار پھر پٹرول کی قیمت کم کرنے کی بجائے اس میں اضافہ کر دیا ہے۔
وزارت خزانہ سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں اور ایکسچینج ریٹ میں ہونے والی ردوبدل کی روشنی میں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی تبدیلی کے اثرات عوام تک منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر خزانہ مفتاح اسمعیل نے ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ حکومت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 5 پیسے کمی کر سکتی ہے تاہم ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 95 پیسے کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
مٹی کا تیل 10.92 پیسے مہنگا ہو کر 210.32 اور لائٹ ڈیزل 9.79 روپے اضافے سے 201.54 روپے تک پہنچ گیا۔
دوسری جانب سٹیٹ بنک کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ
آئی ایم ایف سے پاکستان کو ایک ارب 16 کروڑ ڈالر قرض کی قسط موصول ہو گئی ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق بدھ کو آئی ایم ایف کی جانب سے ایک ارب 16 کروڑ ڈالر قرض کی قسط موصول ہو گئی ہے۔
ٹویٹر پر جاری بیان میں سٹیٹ بینک کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کی جانب سے منظوری کے بعد پاکستان کو ساتویں اور آٹھویں قسط کی رقم جاری کر دی گئی ہے۔سٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ اس رقم سے زر مبادلہ ذخائر بہتر ہوں گے اور دیگر بین الاقوامی ذرائع سے مدد لینے میں بھی آسانی ہو گی۔

