پنجاب میں پانچ نے اضلاع بن گئے

نئے اضلاع میں تونسہ شریف،مری، وزیرآباد،تلہ گنگ اور کوٹ ادو شامل،جام پور کو ضلع بنانے پر بھی کا شروع
صوبائی کابینہ نے احساس راشن رعایت پروگرام کی بھی منظوری دے دی، عوام کو آٹے، دال، گھی یا کوکنگ آئل پر40 فیصد تک رعایت ملے گی


لاہور :وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویزالہی نے صوبے میں 5 نئے اضلاع بنانے کا اعلان کردیا ہے۔ تونسہ شریف، مری، وزیرآباد، تلہ گنگ اور کوٹ ادو کو اضلاع بنانے کی منظوری دے دی گئی، محسن لغاری کے مطالبے پر جام پور کو ضلع بنانے پر بھی کام شروع کردیا گیاہے۔ اس حوالے سے وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ نئے اضلاع بننے سے انتظامی امور میں بہتری آئے گی، تعلیم، صحت اور دیگر سہولیات میں اضافہ ہوگا، نئے اضلاع بننے سے ترقی کے ثمرات عوام کی دہلیز تک پہنچیں گے، نئے اضلاع کو مالی خود مختاری کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔
اس سے پہلے صوبہ پنجاب میں 3 نئے اضلاع کی منظوری دی گئی تھی، اس وقت تونسہ شریف، کوہسار اور وزیر آباد کو اضلاع بنانے کے بارے میں سمری متعلقہ محکموں کو ارسال کی گئی، تونسہ اور کوہسار کو اضلاع بنانے کا عمل سابق وزیراعلی عثمان بزدار کے دور میں شروع کیا گیا تھا تاہم اب وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویزالہی نے صوبے میں 5 نئے اضلاع بنانے کا اعلان کیا ہے۔
علاوہ ازیں پنجاب کی صوبائی کابینہ نے احساس راشن رعایت پروگرام کی منظوری دے دی، جس کے تحت صوبے کے عوام کو آٹے، دال، گھی یا کوکنگ آئل پر40 فیصد تک رعایت ملے گی، پنجاب احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایا کہ پنجاب کابینہ نے 100 ارب روپے کے احساس راشن رعایت پروگرام کی منظوری دی ہے، جس سے 80 لاکھ گھرانے مستفید ہوں گے جنہیں آٹے، دال،گھی یا پکانے کے تیل پر 40 فیصد تک رعایت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج سے رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا ہے، جو گھرانے اس پروگرام سے مستفید ہونا چاہتے ہیں وہ اپنی رجسٹریشن کروائیں اس کے علاوہ کریانہ دکاندار بھی رجسٹریشن کروائیں جب کہ جو دکاندار پہلے سے پروگرام میں شامل تھے ان کو دوبارہ رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہے، دکانداروں کو ہر سبسڈی سیل پر 8 فیصد کمیشن اور ہر سہ ماہی میں قرعہ اندازی کے ذریعے قیمتی انعامات دیئے جائیں گے۔