اعظم سواتی کی مبینہ ویڈیو پر سینیٹ کمیٹی نے ڈی جی ایف آئی اے کو طلب کرلیا

جمعیت علما اسلام کے سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کمیٹی کے کنوینئرمنتحب
اعظم سواتی اور پی ٹی آئی سینٹرز کا کمیٹی کا بائیکاٹ،سپیشل کمیٹی نے سینٹر اعظم سواتی کو منانے کے لئے سینٹرز کا گروپ تشکیل دے دیا


اسلام آباد:تحریک انصاف کے سینٹر اعظم سواتی حال ہی میں سامنے آنے والی اپنی مبینہ ذاتی ویڈیو کے حوالے حقائق جاننے میں دلچسپی نہیں رکھتے ہیں انہوں نے اس سلسلے میں چئیرمین سینٹ کی جانب سے حقائق جاننے کے لئے قائم کی جانے والی سینٹ کی کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی ہے۔ حتیٰ کہ تحریک انصاف کے ارکا ن بھی اجلاس میں شریک نہ ہوئے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی تشکیل کردہ خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹر اعظم سواتی اور پی ٹی آئی کے اراکین نے کمیٹی کا بائیکاٹ کیا۔کمیٹی رکن اور پی ٹی آئی کے سینیٹر محسن عزیز بھی اجلاس میں شریک نہ ہوئے جس کے بعد کمیٹی نے جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کو بطور کنوینئرمنتحب کر لیا۔
پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی کی مبینہ ذاتی ویڈیو کے معاملے پر سینیٹ کی کمیٹی نے ڈائریکٹر جنرل وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو طلب کرلیا۔
سینیٹ اسپشل کمیٹی نے سواتی کو کمیٹی میں مدعو کرنے کے لئے سینیٹرز کا گروپ بھی تشکیل دے دیا جس میں سینیٹر طاہر بزنجو، حاجی ہدایت خان، دلاورخان اور مشتاق احمد شامل ہیں، گروپ کے اراکین اعظم سواتی کے گھر جا کر انہیں کمیٹی میں آنے کی درخواست کریں گے۔
سینیٹ اسپشل کمیٹی نے اعظم سواتی کی ویڈیو کے معاملے پر ڈی جی ایف آئی اے کو بھی طلب کرلیا، ڈی جی ایف آئی کو ویڈیو پر مکمل رپورٹ کے ساتھ ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔