چین کی طرف سے پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کے لئے چائنہ فرینڈ شپ ایوارڈ کا اعزاز

اسلام آباد: پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری، کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک اور ڈائریکٹربین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی اور حیاتیاتی علوم، کراچی کو حکومت چین نے چینی حکومت کا دوستی ایوارڈ دیا ہے۔ یہ ایوارڈ پاکستان میں تعینات عوامی جمہوریہ چین کے سفیر نونگ رونگ نے اسلام آباد میں چینی سفارت خانے میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں پیش کیا۔
چینی حکومت کا دوستی ایوارڈ عوامی جمہوریہ چین کا اعلی ترین ایوارڈ ہے یہ ایوارڈ "ان غیر ملکی ماہرین کو دیا جاتا ہے جنہوں نے ملک کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں نمایاں خدمات انجام دی ہوں”۔اس ایوارڈ کے فاتحین کا انتخاب ریاستی کونسل کے تحت غیر ملکی ماہرین کے امور کی اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن کرتی ہے۔ یہ ایوارڈ یکم اکتوبر کو عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر دیا جاتا ہے اور یہ ایک تمغہ اور ایوارڈ سرٹیفکیٹ پر مشتمل ہوتا ہے۔
پروفیسر چوہدری نے مختلف شعبوں میں چین پاکستان تحقیقی مراکز کے قیام سمیت سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں چین پاکستان تعاون کو بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ جس میں پی سی ایم ڈی کا نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی کا قیام شامل ہے، جو ووہان انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی چائنا کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری عالمی شہرت یافتہ طبی کیمیا دان ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی جرائد میں نامیاتی اور بایو آرگینک کیمسٹری کے شعبوں میں 1,175 تحقیقی مقالے شائع کیے ہیں، 76 کتابیں اور 40 ابواب بڑے امریکی اور یورپی پریس کی طرف سے شائع کی گئی ہیں۔ وہ اب تک 40 امریکی پیٹنٹ حاصل کر چکے ہیں۔پروفیسر چودھری کے کام کا دنیا بھر کے محققین نے 30,000 سے زائد مرتبہ حوالہ دیا ہے اور ان کا ایچ انڈیکس 80 ہے۔ اب تک 94 قومی اور بین الاقوامی سکالرز ان کی نگرانی میں پی ایچ ڈی کی ڈگریاں مکمل کر چکے ہیں۔پروفیسر چودھری کو پاکستان کی مختلف حکومتوں نے ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز اور تمغہ امتیاز سے نوازا ہے۔