سیکرٹری جنرل او آئی سی کا دورہ کامسٹیک

اسلام آباد:اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل عزت مآب مسٹر حسین برہیم طحہ نے دس رکنی وفد کے ہمراہ کامسٹیک کا دورہ کیا۔ وزارت خارجہ کے سینئر حکام بھی او آئی سی وفد کے ہمراہ تھے۔کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک، پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سیکرٹری جنرل اور ان کی ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا۔
پروفیسر چودھری نے سیکرٹری جنرل کو کامسٹیک کے قیام، وژن اور مشن، ماضی کی کامیابیوں، موجودہ پروگراموں اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے وفد کو کامسٹیک کا دورہ کروایا اور اوآئی سی ریاستوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے کامسٹیک میں دستیاب جدید ترین تربیتی سہولیات دکھائیں۔
کوآرڈینیٹر جنرل کی طرف سے کامسٹیک رپورٹ کی پیشکش کے دوران، او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے مختلف کامسٹیک پروگراموں اور او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کے تعاون کی ترقی پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کامسٹیک کے مستقبل کے منصوبوں میں شامل کرنے کے لیے بصیرت انگیز خیالات کا اظہار کیا اور سفارشات پیش کیں۔جناب طحہ نے موجودہ کامسٹیک پروگراموں کی تعریف کی جن میں کامسٹیک کنسوشیئم آف ایکسیلنس، فلسطین پروگرام، یمن پروگرام، افریقہ صحت پروگرام، فیلو شپ پروگرام، کامسٹیک ائی ایف ایس ریسرچ گرانٹس پروگرام، کامسٹیک آئی سی جی ای بی تعاون پروگرام، کامسٹیک ٹواس سائنس ان جلاوطنی پروگرام، ریسرچ فیلو شپس برائے او آئی سی کم ترقی پزیر ممالک، اور صلاحیت سازی کے ویبینارز، ورکشاپس، کانفرنسیں اور نمائشیں شامل ہیں۔