ملک میں کرکٹ واپس لائے اور اس وقت سب اچھا چل رہا تھا
جیسے ہی حکومت آئی انہوں نے مجھے پوچھا کہ انہیں چلنے دیا جائے دیکھتے ہیں کیا کرتے ہیں، ان کوموقع دیا گیا کہ لیکن ان سے کچھ نہیں ہوا
نجم سیٹھی چوہدراہٹ کیلئے بورڈ میں آئے ہیں، انہیں کرکٹ سے کچھ لینادینا نہیں: رمیز راجہ

اسلا م آباد:پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ہمارے دور میں چیمپئنز ٹرافی جیتی گئی اور ہم کرکٹ کو واپس لائے ہمارے دور میں سب اچھا چل رہا تھا۔سرکاری ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں نجم سیٹھی نے کہا کہ فلیٹ پچز پر بھی پاکستان ہاررہا تھا، ہم نے اس سیریز کو بچانے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ شاہدآفریدی اپنے کیرئیر میں جارحانہ کرکٹ کھیلتے تھے، انہیں عبوری سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین بنایا، وہ کافی مصروف رہتے ہیں، انہوں نے ذمے داری قبول کی اسی لیے ان کے مشکورہیں۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ہمارے آنے سے ایک دن پہلے پچھلی مینجمنٹ نے ٹیم کااعلان کردیا، میں نے پیغام بھجوایا کہ ابھی ٹیم کا اعلان نہ کریں، ہم نے ٹیم میں ایک دو اہم تبدیلیاں کی ہیں ، ایک دو نئے بولرز بھی شامل کیے ہیں، اس کے علاوہ سرفرازاحمد نے بہت کامیابیاں دلوائی ہیں اور بابراعظم پاکستان کا اسٹار ہے ۔
دوران انٹرویو انہوں نے اپنی سابقہ کارکردگی سے متعلق کہا ہم نے اپنے دور میں 5 اکیڈمیز بنائی تھیں، اب ویمنز کرکٹ کو خاص اہمیت نہیں دی گئی ،ہمارے دور میں چیمپئنز ٹرافی جیتی، ہم کرکٹ کو واپس لائے، ہمارے دور میں سب اچھا چل رہا تھا جب کہ جیسے ہی حکومت آئی انہوں نے مجھ سے پوچھا کہ انہیں چلنے دیا جائے دیکھتے ہیں کیا کرتے ہیں، ان کوموقع دیا گیا کہ لیکن ان سے کچھ نہیں ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں 4 ماہ دیے گئے ہیں ، نئے الیکشن کرائیں گے، ہمیں چار مہینے میں بہت کچھ کرنا ہے، ڈپارٹمنٹس کرکٹ بند کردی تھی، ابھی سارے الیکشن کرانے ہیں پھر ایک نیا بورڈ آئے گا۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ جب شروع میں مجھے پی سی بی بھیجا گیا تو میری دلچسپی نہیں تھی، سب سے بڑا پی ایس ایل چیلنج تھا لیکن ہم نے اسے پورا کیا، جب پی ٹی آئی حکومت آئی تو میں خود چلاگیا، اب بہت بڑا چیلنج ہے، پی ایس ایل سے 10 گنا زیادہ مشکل ہے، تنقید نہیں کرنا چاہ رہا لیکن سارا اسٹرکچر ان ڈو کرکے نیا اسٹرکچر بنانا ہے اور یہ بہت مشکل کام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل فرنچائز اور پی سی بی بورڈ کے کافی مسئلے ہیں جنہیں اب حل کرنا ہے۔
اس پر سابق چئیرمین کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ نجم سیٹھی چوہدراہٹ کیلئے بورڈ میں آئے ہیں، انہیں کرکٹ سے کچھ لینادینا نہیں۔
رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے کرکٹ بورڈ کا آئین بدلا گیا، نجم سیٹھی چوہدراہٹ کے لیے بورڈ میں آئے ہیں، انہیں کرکٹ سے کچھ لینا دینا نہیں۔
سوشل میڈیا پرگفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ نجم سیٹھی نے کبھی بیٹ نہیں پکڑا، یہ صرف پاکستان میں ہی ہوتا ہے کہ سیاسی بھرتی کے لیے آئین بدل دو ، جو لوگ باہر سے آکر بورڈ میں حملہ کرتے ہیں وہ اچھا نہیں ہے، نجم سیٹھی کو لانے کے لیے بورڈ میں سب کچھ بدل کر رکھ دیا گیا، رات کو سوا 2 بجے ٹوئٹ کر رہے ہیں کہ رمیز راجہ باہر ہوگئے مجھے مبارک باد دیں۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ جب ٹیم پاکستان آرہی تھی تو آپ نے چیف سلیکٹر کو بدل دیا، مڈل آف دی سیزن آپ کہہ رہے ہیں کہ مکی آرتھر کو لیکر آئیں، یہ طریقہ نہیں کہ کرکٹرز جنہوں نے کافی ٹیسٹ کھیلے ان کو باہر نکال دیں، مجھے خطرہ ہے بہت زیادہ تبدیلیاں کرنے سے ٹیم کی یکجہتی ختم نہ ہوجائے، اس ٹیم کے ساتھ چھیڑ خانی کرنا خطرے سے خالی نہیں ہے،جو آپ کامیابیاں حاصل کرتے ہیں وہ آسانی سے نہیں ملتی، ہمارا اسٹرائیک ریٹ بہترین چل رہا ہے۔
بھارت کے حوالے سے سابق چیئرمین کا کہنا تھا کہ کرکٹ بانڈریز کو توڑتی ہے، بارڈر توڑتی ہے، بدمزگی وہاں سے شروع ہوئی جب ایشیا کپ ہمیں ملا، پاکستان میں کافی عرصے سے میچز نہیں ہو رہے تھے، جب میچ باقاعدگی سے ہوئے تواس لیے میں کھڑا رہا کہ ایشیا کپ پاکستان میں ہی ہوگا، بھارت نے کہا کہ یہ نیوٹرل وینیو پر ہوگا پاکستان نہیں جائیں گے۔

