فرانس، اسلامک ڈیویلپمنٹ بینک اور اکنامک کورپوریشن اینڈ ڈیولپمنٹ کا کئی ملین یوروز اور ڈالرز کی امداد کا اعلان

جنیوا:جنیوا میں دنیا نے سیلاب سے تباہ حال پاکستان کی مدد کے لئے حامی بھرتے ہوئے ساڑھے 8 ارب ڈالر سے زائد کی امداد کا اعلان کردیا ہے۔اس امداد کے ساتھ ہی پاکستان کے ڈیفالٹ کرنے کا خطرہ بھی ٹل گیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عالمی برادری اور ترقیاتی شراکت دار سیلاب متاثرین کے لئے جینیوا میں بین الاقوامی کانفرنس میں مثالی جذبہ دکھا رہے ہیں، اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ڈی بی) نے تین سال میں 4 ارب 20 کروڑ ڈالر کا اعلان کیا ہے۔
ایک ٹیویٹ میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ ورلڈ بینک، ایشیا ریجن کے نائب صدر مارٹن ریزر نے دو ارب ڈالر، ایشیائی ترقیاتی بینک (ای ڈی بی) ڈیڑھ ارب ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ فرانس 345 ملین ڈالر، یورپی یونین 93 ملین، چین 100 ملین، جرمنی 88، جاپان 77 ملین اور امریکا کے 100 ملین ڈالر مالی امداد کے ساتھ پاکستان کو مجموعی طور پر 8.57 ارب ڈالر ملیں گے۔
فرانس نے صحت کے شعبے اور موسمیاتی تبدیلی سے مقابلے کیلئے 10 ملین یوروز کے ساتھ ساتھ 300 ملین یوروز کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا جو کہ 345 ملین ڈالر بنیں گے۔
کانفرنس میں اسلامک ڈیولپمنٹ بینک گروپ نے بھی پاکستان کیلئے تین سال کے دوران 4.2 ارب ڈالرز کی فنانسنگ کی یقین دہانی کرادی۔اکنامک کورپوریشن اینڈ ڈیولپمنٹ نے بھی 84 ملین یوروز کا اعلان کردیاہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی و تعمیر نو سے متعلق جنیوا کانفرنس کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے ، عالمی برادری نے پاکستان کے لئے 8.57 ارب ڈالر کا اعلان کیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ جنیوا کانفرنس کا دوسرا سیشن جلد شروع ہونے جارہا ہے ۔



