گورنر پنجاب 9 سے 13 اپریل اور کے پی کے کے گورنر15 سے 17 اپریل کے درمیان انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں

اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میںانتخابات کی تاریخیں تجویز کردی ہیں۔تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے معاملے پر الیکشن کمیشن کی جانب سے گورنر پنجاب اور خیبر پختونخوا کو خط لکھا گیا ہے۔جس میں کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی 14 جنوری کو تحلیل کی گئی، اسمبلی تحلیل کی صورت میں الیکشن کمیشن 90 روز میں انتخابات کرانے کا پابند ہے۔
خط کے متن کے مطابق آرٹیکل 105 کے تحت انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنا گورنر کا آئینی اختیار ہے لیکن انتخابات کی تاریخ کیلئے الیکشن کمیشن سے مشاورت ضروری ہے۔
خط میں کہا گیا کہ پنجاب میں انتخابات 13 اپریل سے پہلے یقینی بنانا لازمی ہیں، پنجاب میں انتخابات کیلئے 9 اپریل سے 13 اپریل کی تاریخ موضوں ہے، گورنر پنجاب 9 اپریل سے 13 اپریل کے درمیان کی تاریخ الیکشن کیلئے ا علان کریں۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی اسمبلی 18 جنوری کو تحلیل کی گئی، خیبر پختونخوا میں انتخابات کیلئے 15 اپریل سے 17 اپریل تک کی تاریخ تجویز کی جاتی ہے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ گورنر خیبرپختونخوا انتخابات کیلئے 15 سے 17 اپریل کے درمیان کی تاریخ کا اعلان کریں۔
الیکشن کمیشن پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخابات اپریل میں کرائے گا جبکہ پنجاب اور کے پی اسمبلی کے انتخابات پر 15 ارب روپے سے زائد کے اخراجات آئیں گے۔



