عمران ریاض کہاں اور کس حالت میں ہیں؟ شہباز گِل نے بتادیا

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے سنئیر رہنماء شہباز گل نے لاپتہ صحافی عمران ریاض کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ وہ خیریت سے ہیں اور انہیں ایک بہتر جگہ پر رکھا گیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنماء نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ایک بہت ہی سینئر صحافی دوست سے ابھی بات ہوئی جنہوں نے یہ بتایا کہ اللہ کا شکر ہے عمران ریاض صحتمند ہیں اور بالکل خیریت سے ہیں۔شہباز گِل نے بتایا کہ عمران ریاض کو ایک بہتر جگہ پر رکھا گیا ہے، ان کو نہ چھوڑنے کی وجہ ان کی آواز بند رکھنا ہے، اب وہ جلد رہا ہو کر گھر آ جائیں گے۔
شہباز گِل نے عمران ریاض کے وکیل کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ یہاں ان کے وکیل میاں علی اشفاق کی محنت لگن اور کمٹمنٹ کی تعریف نہ کی جائے تو زیادتی ہو گی، انہوں نے جوش سے نہیں ہوش سے کام لیا۔پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی لکھا کہ جو لوگ عمران ریاض کے بارے خوفناک کہانیاں بناتے رہے وہ جھوٹ ثابت ہوں گی۔ وہ صحیح سلامت تندرست ہیں۔
آخر میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب ہم امید اور درخواست کرتے ہیں ان کو بہت جلد رہا کر دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ صحافی عمران ریاض کافی عرصہ سے لاپتہ ہیں اور ان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ شہباز گل کا یہ ٹویٹ ہوا کا ایک تازہ جھونکا ہے۔