سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کی روشنی میں صدر مملکت کو خط ارسال کر دیا گیا ہے،ذرائع الیکشن کمیشن
صدر مملکت نے جمعہ کے روز ہی اس حوالے سے تیس اپریل کی تاریخ مقرر کر دی ہے

اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بعد صوبہ پنجاب میں انتخابات کے لیے تاریخ تجویز کر دی ہے۔ یہ تاریخ 30 اپریل تک 7 مئی کسی بھی دن ہو سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا ہے جس میں انتخابات بارے فیصلہ کیا گیا۔
الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب کے انتخابات کے لیے 30 اپریل سے 7 مئی تک کی تاریخیں تجویز کر دی ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں صدرِ مملکت کو خط ارسال کر دیا گیا ہے اور الیکشن کمیشن صدرِ مملکت کے تاریخ کے انتخاب کے بعد اپنے آئینی اور قانونی فرائض انجام دینے کو تیار ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کا یہ بھی کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے گورنر خیبر پختون خوا کو بھی مراسلہ بھیجا گیا ہے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کے اس خصوصی اجلا س سے قبل اس حوالے سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ توقع ہے کہ الیکشن کمیشن پنجاب اور کے پی میں انتخابات کرانے کیلئے اپریل کے آخری ہفتے یا پھر مئی 2023 میں کوئی تاریخ دے گا۔
دوسری جانب صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب کے انتخابات کے لیے 30 اپریل کا اعلان کر دیاہے۔ صدرِ پاکستان نے تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے تجویز کردہ تاریخوں پر غور کرنے کے بعد کیا ہے۔
اس سے قبل جمعہ کو ہی الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں صدر مملکت کو ایک خط میں پنجاب میں انتخابات کے لیے 30 اپریل سے 7 مئی تک کی تاریخیں تجویز کی تھیں۔
الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق صدرِ مملکت کے تاریخ کے انتخاب کے بعد ادارہ اپنے آئینی اور قانونی فرائض انجام دینے کو تیار ہے۔




