گووندا نے مادھوری ڈکشٹ سے اپنی محبت کا اعتراف کرلیا

اپنی اہلیہ سمیتا سے نہ ملتا تو ضرور مادھوری کے لئے کوشش کرتا جسے میں پسند کرتا تھا


ممبئی: بالی وڈ کے نامور اداکار گووندا نے اعتراف کیا ہے کہ وہ ماضی کی بیوٹی کوئین مادھوری ڈکشٹ کے عشق میں مبتلا تھے۔ ایک تازہ انٹرویو میں اداکار نے مادھوری کیلئے اپنے جذبات بیان کیے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے دیگر اداکارائوں کرشمہ کپور، روینہ ٹنڈن اور جوہی چالہ کے ساتھ اپنے کام کے تجربات کو بھی شیئر کیا ہے۔
گووندا نے اس موقع پر ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر وہ اپنی اہلیہ سمیتا سے نہ ملتے تو وہ ضرور مادھوری کیلئے کوشش کرتے کیوں وہ ان کو پسند کرتے تھے۔
اداکار کے ساتھ کرشمہ اور روینہ کی جوڑی بہت پسند کی جاتی تھی لیکن گووندا ذاتی طور پر دیوداس اداکارہ کے دیوانے تھے۔
ماضی کے معروف اداکار جن کی جوڑی مادھوری کے ساتھ کافی کامیاب رہی تھی انہوں نے مادھوری ڈکشٹ کے ساتھ متعدد فلموں عزت دار، ماہا سنگرام، پاپ کی انت اور دیگر میں ایک ساتھ کام کیا ہے ۔
59 سالہ اداکار نے کہا کہ ماضی کی بیوٹی کوئین مادھوری ڈکشٹ کا حسن اب بھی قائم ہے انہوں نے روینہ، کرشمہ اور جوہی کے متعلق بتایا کہ اتنے برس گزرنے کے باوجود یہ سب خوبصورت ہیں اور جو شخص اندر سے خوبصورت ہو اس کا حسن ختم نہیں ہوتا۔