آئی سی سی سے شکایت کام آگئی ورلڈکپ کیلئے پاکستانی اسکواڈ کو بھارتی ویزے جاری

اسلام آباد:پاکستان کی جانب سے انٹرنیشنل کونسل کو کی گئی شکایت کام آگئی اور بھارت کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے جاری کر دئیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت نے ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزوں کے اجراء میں لیت و لعل سے کام لے رہا
تھا جس کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے شکایت کر دی۔جس پر بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈکپ میں شرکت کے لیے پاکستان اسکواڈ کے بھارتی ویزے منظور ہوگئے ہیں۔
اس حوالے سے آئی سی سی کا بھی کہنا ہے کہ بھارت نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے ویزے جاری کردیے ہیں، تاخیر کی شکایات کے بعد ورلڈکپ میں شرکت کے لیے ویزے جاری کر دیے گئے ہیں۔
پی سی بی کے ترجمان عمر فاروق نے بھی ویزے جاری ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ترجمان پی سی بی کے مطابق ٹیم کو اپنے پاسپورٹ اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن سے لینے کو کہہ دیا گیا ہے۔
اس سے قبل بھارتی حکومت کی جانب سے این او سی کے اجرا میں تاخیر کی وجہ سے پاکستان ٹیم کی ورلڈ کپ کے لیے روانگی غیر یقینی صورت حال کا شکار تھی جس پر پی سی بی نے آئی سی سی کو خط بھی لکھا تھا۔
ذرائع کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو پیش رفت سے آگاہ کردیا ہے اورکہا ہے کہ پاکستان ٹیم کو ویزے جاری کردیے گئے ہیں اور جلد اسکواڈ ممبران کو پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات مل جائیں گی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم بدھ کی علی الصبح بھارت کے لیے روانہ ہوگی جہاں وہ 29 ستمبر کو حیدر آباد میں پہلا وارم اپ میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ پاکستان کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ تین سال سے اسی ایشو کے حوالے سے بار بار کہا گیا، پاکستان کے تحفظات پر کسی قسم کا دھیان نہیں دیا گیا، آج صورت حال یہ ہیکہ تاحال پاکستانی اسکواڈکو بھارت کے ویزے جاری نہیں کئے گئے۔ پی سی بی کے مطابق جب بھی رابطہ کیا گیا تو کہا گیا کہ 24 گھنٹوں میں ویزے آجائیں گے، افسوس ہیکہ اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی اور ویزوں کا اجرا نہیں ہو سکا۔جس پر گزشتہ روز ویزے جاری کر دئے گئے