پنجاب کی تاریخ میں پہلی پلاسٹک روڈ بن گئی،محسن نقوی نے افتتاح کر دیا
پلاسٹک سے بنائی گئی سڑک اسفالٹ کی سڑکوں کی طرح بارش کے پانی سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہیں ہوتی

لاہور: حکومت پنجاب نے پرانے شاپنگ بیگز سے سڑکیں بنانے کا فیصلہ کیا ہے اس طرح نہ صرف فالتو شاپرس سے جان چھوٹ جائے گی بلکہ یہ اس کا ایک مثبت استعمال بھی ہوگا۔ لاہور میں جم خانہ مال روڈسیجیل روڈ تک بننے والی ظفرعلی پلاسٹک روڈکاافتتاح وزیراعلی محسن نقوی نے کردیا ہے پلاسٹک روڈ کی ایک بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ پانی اور دھوپ سے خراب بھی نہیں ہوگی۔
وزیراعلی محسن نقوی نے ظفر علی پلاسٹک روڈ کا معائنہ کیا اور اس کے معیار کاجائزہ لیا۔انہیں پلاسٹک روڈ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ سیکرٹری تعمیرات ومواصلات نے پلاسٹک روڈکی افادیت کے متعلق بریفنگ دی جبکہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی کیپروفیسرز نے بھی پلاسٹک روڈز کے آئیڈیا کے پس منظر اورر تکنیکی پہلووں پر بریفنگ دی۔
وزیراعلی نے پلاسٹک روڈ کی تعمیر میں تکنیکی معاونت پر یو ای ٹی کے پروفیسرز کی خدمات کو سراہا۔ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا، پلاسٹک روڈ کے کامیاب تجربے کے بعد اس کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائیگا۔ ایک ماہ تک موجودہ پلاسٹک روڈ کا جائزہ لیکر مزید پلاسٹک روڈزبنائیں گے۔
وزیراعلی محسن نقوی نے بتایا کہ مال روڈ کو بھی پلاسٹک روڈ میں تبدیل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پلاسٹک روڈکم ازکم 10سال تک چلتی ہے۔
پلاسٹک روڈ کی تعمیر میں استعمال شدہ شاپرز و دیگر پلاسٹک استعمال ہوتا ہے۔یہ سڑک اسفالٹ اور پتھر کی بجری سے بنائی گئی سڑکوں کے مقابلے میں دیر پا ہوتی ہے اور نسبتا کم لاگت سے تیار ہوتی ہے۔ پلاسٹک روڈ کی دیکھ بھال کی بھی زیادہ ضرورت نہیں ہوتی۔اس سڑک کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ اسفالٹ کی سڑکوں کی طرح بارش کے پانی سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہیں ہوتی۔



