ہاورڈ سکول آف لا نے جسٹس عائشہ اے ملک کو اپنے بہترین طلباء کی فہرست میں نمایاں جگہ دے دی


عائشہ ملک سپریم کورٹ آف پاکستان کی پہلی خاتون جج ہیں، 2029میں ملک کی پہلی خاتون چیف جسٹس کی ذمہ داری سنبھالیں گی

لاہور :: سپریم کورٹ آف پاکستان کی پہلی خاتون جج جسٹس عائشہ اے ملک کو ان کے سابقہ تعلیمی ادارے امریکہ کے تاریخی ادارہ ہارورڈ سکول نے فارغ التحصیل بہترین طلبا میں نمایاں مقام دیدیا ہے ۔ہارورڈ سکول کے 100 سال مکمل ہونے پر فارغ التحصیل بہترین طلباکی فہرست شائع کئی گئی ہے جس میں جسٹس عائشہ اے ملک کا نام اور تصویر بھی شامل ہے۔
سابق صدر سپریم کورٹ بار احسن بھون ، سابق وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل حفیظ الرحمان چوہدری،اور سابق وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر خالد رانجھا ، سابق ایڈوکیٹ جنرل پنجاب عاصمہ حامد نے ہارورڈ سکول کی فہرست میں جسٹس عائشہ اے ملک کا نام آنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ پاکستانی ماہرینِ قانون کا کہنا ہے کہ جسٹس عائشہ اے ملک کا ہارورڈ سکول میں نام آنا پاکستان کیلئے ایک اعزاز ہے، محترمہ عائشہ اے ملک 1999 میں ہارورڈ سے ایل ایل ایم کی ڈگری حاصل کرچکی ہیں۔
ایڈووکیٹ عاصمہ حامد اور ربیعہ باجوہ نے کہا کہ خواتین وکلا کیلئے جسٹس عائشہ اے ملک مشعل راہ ہیں، جسٹس عائشہ ملک سپریم کورٹ آف پاکستان کے ان ججوں میں شامل ہیں جنہیں اپنے کیرئیر میں سنیارٹی کی بنیاد پر چیف جسٹس بننے کا موقع بھی ملنا لازم ہے۔ 2029میں وہ ملک کی پہلی خاتون چیف جسٹس کی ذمہ داری سنبھالیں گی۔
جسٹس عائشہ ملک سپریم کورٹ میں پروموٹ ہونے سے پہلے لاہور ہائیکورٹ میں اپنے فیصلوں سے خبروں میں جگہ بناتی رہی ہیں۔ آج کل جسٹس عائشہ اے ملک سپریم کورٹ کے اہم بینچز میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔
یاد رہے کہ ہاورڈ سکول کو دنیا میں قانون کی سب سے بڑے درسگاہ تصور کیا جاتا ہے۔ ہارورڈ سکول کے سوسالہ تقریبات ہونے والی ہیں۔