<
ملائشیا کا پرامن ماحول اور سازگار فضاء ہرقسم کے کاروبار کیلئے انتہائی موزوں ہیں
ملائیشیا ء میں پاکستانی کھانوں،پھلوں اور سبزیوں کی بڑی مانگ ہے جس میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے،روزنامہ سی پیک سے گفتگو

اسلام آباد(محمد رضوان ملک)ملائیشیاپاکستان بزنس کونسل کے ممبر کوالالمپور کے معروف بزنس مین اور ملائیشیا میں پاک پنجاب ریسٹورنٹ کی چین کے مالک اورسیز پاکستانی راجہ شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع تر مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھاکر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیاجاسکتا ہے۔روزنامہ سی پیک سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملائیشیامیں پاکستانیوں کے لئے سیاحت، صنعت اور تجارت کے شعبے میں بڑے مواقع ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ چوبیس سال سے ملائیشیا میں موجود ہیں۔انہوں نے بتایا کہ میرے والد صاحب پاکستان انٹرنیشنل ائر لائن میں ملازم تھے۔ جس کے باعث مجھے دنیا کے مختلف ممالک دیکھنے کا موقع ملا۔لیکن میں نے ملائیشیا کو کاروبار کیلئے منتخب کیا۔
انہوں نے بتایا کہ میرے ریسٹورنٹس کے کھانے پورے ملائیشیا میں بے حد پسند کئے جاتے ہیں۔پاکستانی سفارتخانے اور دیگر سرکاری تقریبات کا انعقاد وہ ہی کراتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ خطہ اپنے موسم اور قدرتی خوبصورتی کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہے۔ہر قسم کے کام کے لئے ماحول انتہائی پرامن اور فضا انتہائی سازگار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملائیشیا خطے کی ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے۔دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون بڑھانے کیلئے 2016 ء میں ہم نے ملائیشیا پاکستان بزنس کونسل قائم کی جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔ اس وقت پاکستان سے بڑی تعداد مین ہلال گوشت، پھل اور سبزیاں ملائیشیا آرہی ہیں،بیڈ شیٹس اور چاول بھی آرہ ہیں جبکہ پاکستانی آلو اور پیاز کی ڈیمانڈ بھی یہاں بہت ہے۔ملائیشیا ء سے الیکٹرانکس اشیاء، پام آئل اور میڈیکل کے آلات پاکستان جارہے ہیں۔تھوڑی سی کوشش کر کے اس تجارت میں مزید اضافہ کیا جاسکتاہے۔حال ہی میں ملائیشیاء پاکستان بزنس کونسل نے اس حوالے سے یہاں ملائیشیاء میں ایک بڑی کانفرنس کا انعقاد کیا ہے۔جس کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔




