13 سال قبل سپاٹ فکسنگ میں سلمان بٹ کو سزا ہو چکی ہے ،دبائو پر پی سی بی نے ایک روز بعد ہی کنسلٹنٹ کے عہدے سے ہٹادیا

لاہور :میڈیا پر شدید تنقید کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ کو کنسلٹنٹ کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ ان کو عہدے سے ہٹانے کا اعلان چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں کیا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر وہاب ریاض کا کہنا تھاکہ سلمان بٹ کے نام پر بہت بات ہوئی ہے، سلمان بٹ کرکٹ کو سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی کا سلمان بٹ کو بطورکنسلٹینسی ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے، سلمان بٹ کا اب نام واپس لے لیا ہے۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ میں نے یہ فیصلہ واپس لے لیا ہے اور سلمان بٹ کو بھی اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ انہوںنے واضح کیا کہ سلمان بٹ کے انتخاب میں دوستی شامل نہیں تھی ان کی سابقہ خدمات اور اہلیت کو دیکھتے ہوئے ان کا اس عہدے کے لئے انتخاب کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا ویسے تو وہ اپنی سزا بھگت چکے ہیںلیکن 13 برس بعد بھی سپاٹ فکسنگ تکلیف دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ کسی کا دبائو نہیں، سلمان بٹ کو کنسلٹنٹ بنانے کا فیصلہ میں نے ہی کیا تھا، اب انہیں کو ہٹانے کا فیصلہ بھی میں ہی کررہا ہوں۔وہاب ریاض نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی، سلمان بٹ کا نام واپس لینے کا فیصلہ صرف میرا ہے، میں نے اپنی ذمہ داری سمجھ کر چیف سلیکٹر کا عہدہ لیا۔
یاد رہے کہ کرکٹ بورڈ نے سابق کرکٹرز کامران اکمل، رائو افتخار انجم اور سلمان بٹ کو چیف سلیکٹر وہاب ریاض کے کنسلٹنٹ کی ذمہ داریاں تفویض کیں تھیں ۔تاہم شدید تنقید کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کرکٹر سلمان بٹ کو بطور کنسلٹینسی ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔



