برطانیہ: متعدد مسلم ممالک کے شہریوں کیلئے ویزا فری انٹری کی سہولت پاکستان شامل نہیں

ویزہ فری انٹری سے مستفید ہونے والے مسلم ممالک میں بحرین، اردن، کویت، عمان، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے شہری شامل ہیں

لندن : برطانوی حکومت نے حال ہی میں اپنی ویزا پالیسیوں میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے کئی ایک مسلم ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا فری انٹری کی سہولت شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جس میں اردن سمیت دیگر خلیجی ممالک شامل ہیں تاہم پاکستان اس میں شامل نہیں ہے۔
برطانوی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ اردن سمیت خلیجی ممالک کو آئندہ سال سے برطانوی ویزے سے استثنی مل گیا ہے، یہ ممالک 2024 سے الیکٹرانک ٹریول پرمٹ سسٹم پر منتقل ہو جائیں گے۔جن ممالک کو ویزا فری سہولت دی گئی ہے ان میں بحرین، اردن، کویت، عمان، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے شہری شامل ہیں۔ان ممالک کے شہریوں کو فروری 2024 سے برطانیہ میں داخل ہونے کے لئے الیکٹرانک ٹریول اتھارٹی (ای ٹی اے) کی ضرورت ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق نئی برطانوی پالیسی کا اطلاق 22 فروری سے ہوگا، 10پائونڈ کی فیس والا ٹریول پرمٹ 2 سال کے لیے کارآمد ہوگا۔
تاہم پاکستان جس کے شہری بڑی تعداد میں برطانیہ میں مقیم ہیں اسے اس سہولت سے محروم رکھا گیا ہے۔