پاکستانی ہاکی دفن، جیتا میچ ہار دیا

تین مرتبہ کی اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ٹیم مسلسل تیسری مرتبہ اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی

مسقط:عمان کے دارالحکومت مسقط میں ہونے والے کوالیفائرز کے تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف جیتا میچ ہار گئی اور دو مرتبہ برتری حاصل کرنے کے بعد بھی ناکام رہی۔
پیرس اولمپکس میں جگہ حاصل کرنے کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کو اولمپکس کوالیفائر میں تیسری پوزیشن حاصل کرنا لازمی تھی لیکن تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان کو نیوزی لینڈ نے 2-3 سے ہرادیا۔پاکستانی ٹیم جیت رہی تھی کہ آخری آٹھ منٹ میں دفاعی پوزیشن پر جانے کے باعث میچ ہار گئی۔
مسقط میں کھیلا گیا تیسری پوزیشن کے میچ کا پہلا کوارٹر تو بغیر کسی گول کے برابر رہا لیکن دوسرے کوارٹر کے آغاز میں ابوبکر محمود نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرکے پاکستان کو برتری دلادی۔تاہم 6 منٹ بعد نیوزی لینڈ کے اسکاٹ بوائیڈ نے مقابلہ برابر کردیا۔اگلے ہی لمحے پاکستان کو پنالٹی اسٹروک ملا جس پر ابوبکر محمود نے گول کرکے ایک بار پھر پاکستان کو برتری دلادی۔
پاکستان کی 1-2 کی برتری آخری کوارٹر کے آخری چند منٹ تک برقرار تھی لیکن فیصلہ کن وسل سے 8 منٹ قبل نیوزی لینڈ کے ہیگو اینگلس نے گول کرکے مقابلہ 2-2 کیا اور پھر 58 ویں منٹ میں اسکاٹ بوائیڈ نے گول داغ کر نیوزی لینڈ کو 2-3 کی برتری دلادی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔اس طرح پاکستان تیسری پوزیشن کا میچ 2-3 سے ہار گیا اور ایک بار پھر اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہا۔
پاکستان ہاکی ٹیم اس سے قبل ریو ڈی جنیرو اور ٹوکیو اولمپکس کے لیے بھی کوالیفائی نہیں کرسکی تھی۔
اب ایک بار پھر ٹیم نے پیرس اولپمکس میں شرکت کا نادر موقع گنوا دیا۔یہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہمیشہ سے ہوتا آیا ہے کہ وہ پہلے برتری حاصل کرتی ہے اور پھر جیتا میچ ہار جاتی ہے۔