آئی فون خریدنے کے خواہشمندوں کیلئے خوشخبری، قیمتیں کم ہو گئیں

بیرون ملک سے موبائل فون لانے والے پاکستانیوں کوبھی بڑی ٹیکس چھوٹ دے دی گئی

اسلام آباد:آئی فون استعمال کرنے والے شوقین افراد کے لئے بڑی خوشخبری ،ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن نے آئی فون 14 کے مختلف ماڈلز کی کسٹم ویلیو میں کمی کر دی ہے۔ جبکہ بیرون ملک سے موبائل فون لانے والے پاکستانیوں کوبھی بڑی ٹیکس چھوٹ دے دی گئی ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن نے مختلف استعمال شدہ اور تجدید شدہ موبائل فونز کے لیے کسٹم ویلیوز پر نظر ثانی کرتے ہوئے اس میں کمی کر دی ہے ،اس میں خاص طور پر ایپل آئی فون کے 14 پلس کی مختلف ماڈلز پر توجہ دی گئی ہے ۔128 جی بی ایپل آئی فون 14 پلس کی کسٹم ویلیو کم کر کے 774 ڈالر کر دی گئی ہے جبکہ اس سے قبل یہ 910 ڈالر تھی جس میں واضح کمی لائی گئی ہے ۔256 جی بی آئی فون 14 پلس پر عائد ہونے والی کسٹم ویلیو کم کرتے ہوئے 859 ڈالر مقرر کر دی گئی ہے جبکہ اس سے قبل ایک ہزار 10 ڈالر وصول کی جارہی تھی، اس بھاری کمی کو صارفین کی جانب سے خوش آئند قرار دیا گیاہے ۔512 جی بی ایپل آئی فون 14 پلس کی کسٹم ویلیو 1210 ڈالر سے کم کرتے ہوئے ایک ہزار 29 ڈالر مقر ر کر دی گئی ہے ۔
یہ اقدام ملک میں موبائل فون کی مارکیٹ ویلیو کے ساتھ کسٹم ویلیو کو ہم آہنگ کرنے کی جاری کوششوں کے ایک حصے کے طور پر سامنے آیا ہے۔ان کسٹم ویلیوز پر نظر ثانی کا فیصلہ مختلف مارکیٹوں کے باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد کیا گیا تاکہ ملک میں موبائل فون ڈیوائسز کی موجودہ قیمتوں کی زیادہ درست عکاسی کو یقینی بنایا جا سکے۔ توقع ہے کہ اس اقدام سے صارفین کو فائدہ پہنچے گا ۔
دوسری جانب بیرون ملک سے موبائل فون لانے والے پاکستانیوں کو بھی بڑی ٹیکس چھوٹ دے دی گئی ہے، تاہم یہ سہولت صرف بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کیلئے ہو گی۔ نئے موبائل فونز کے تجارتی درآمد کنندگان نئے ایویلیو ایشن رولنگ کے تحت کسی رعایت سے فائدہ نہیں اٹھاسکیں گے
ویب سائٹ پروپاکستانی کے مطابق نئے موبائل فونز کے تجارتی درآمد کنندگان نئے ایویلیو ایشن رولنگ کے تحت کسی رعایت سے فائدہ نہیں اٹھاسکیں گے۔اس کے برعکس، آنے والے بین الاقوامی مسافر خاص طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانی اب استعمال شدہ/تجدید شدہ موبائل فونز پر 60 فیصد تک ٹیکس میں کمی کا فائدہ اٹھائیں گے۔
ڈائریکٹوریٹ آف ویلیوایشن کراچی کے 2023 کے نئے ویلیوایشن رولنگ نمبر 1834 نے سمندر پار پاکستانیوں کو سہولت فراہم کی ہے۔تاہم، نئے موبائل فونز کی درآمد میں مصروف تجارتی درآمد کنندگان کو نسبتا زیادہ کسٹم ویلیوز پر ڈیوٹی اور ٹیکس ادا کرنا ہوں گے۔
نئے حکمنامے میں ڈیوٹی اور ٹیکسز کے تعین کے لیے کئی نئے ماڈلز شامل کیے گئے ہیں۔حکومت نے کمرشل امپورٹرز کو سہولیات فراہم نہیں کیں جبکہ سمندر پار پاکستانیوں کو کچھ ریلیف ملے گا۔نئے حکم نامے کے تحت، مستعمل مسافروں کے ذریعے درآمد کیے گئے استعمال شدہ/تجدید شدہ موبائل فونز کا تخمینہ بھی کسٹم ویلیوز پر کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے اوورسیز پاکستانی اس فیصلے سے مستفید ہوں گے۔آنے والے بین الاقوامی مسافروں کے ذریعے لائے گئے پانچ سال تک کے فون پر ٹیکس کمی 60 فیصد تک بڑھا دی گئی ہے۔ تاہم تجارتی درآمد کنندگان کو نئے فیصلے سے کوئی ریلیف نہیں ملے گا۔
موبائل فونز کے نئے ماڈل کم پرانے فونز کے مقابلے زیادہ قیمت پر درآمد کیے جائیں گے۔ پالیسی کے تحت برانڈڈ موبائل فونز کے موجودہ اور نئے ماڈلز میں انڈر انوائسنگ کے مارجن کو کم کیا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔