
اسلام آباد:پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے دنیا بھر میں خاص کر دیہی علاقوں میں گدھا گاڑی کا دور آہستہ آہستہ واپس آنا شروع ہوگیا تھا لیکن پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کا اثر گدھوں پر بھی پڑا ہے اوران کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے کیونکہ گدھا گاڑیوں میں اضافہ ہورہا ہے۔
پٹرول کی قیمتوں میںآئے روز ہونے والے اضافے نے عوام کا جینا دو بھر کیا ہوا ہے وہیں گدھوں کی قیمت بڑھنے سے اب گدھا گاڑی کا حصول بھی مشکل ہو تا جارہا ہے ۔
پٹرول عالمی سطح پر سستا کم اور مہنگا زیادہ ہوتا ہے ۔ مہنگا ہونے کی صورت میں عوام کو مہنگائی کا خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے اور اگر کبھی سستا ہو بھی جائے تو اس سے حکومتیں اپنے عوام کو فیض یاب ہونے نہیں دیتیں۔
پٹرول کی بڑھتی قیمتوں نے لوگوں کے سفری ذرائع استعمال کرنے کے لیے زمانہ قدیم کی یاد تازہ کر دی ہے اور گدھوں کی قدر وقیمت میں یک دم اضافہ ہو گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق افریقی جنگ زدہ ملک سوڈان میں پٹرول مہنگا ہونے پر وہاں کے شہریوں نے سفری ذرائع کا متبادل گدھوں کو بنالیا جس سے ایک طرف جہاں گدھے کی قدر بڑھی وہیں اس کی قیمت بھی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سوڈان میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور کئی پمپس پر ایندھن دستیاب نہ ہونے پر لوگوں نے سفر کے لیے گدھا گاڑیوں سے ناطہ جوڑ لیا ہے۔تاہم گدھوں کی بڑھتی مانگ کے پیش نظر اب گدھوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جس نے لوگوں کی فکر میں اضافہ کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ سوڈان گزشتہ ایک سال سے خانہ جنگی کا شکار ہے جہاں ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور ملک میں خوراک اور ایندھن کی قلت کا بھی سامنا ہے جس کے باعث وہاں قلیل مدت میں ایندھن کی قیمت بھی 20 گنا بڑھ گئی ہے اور فی لیٹر تقریبا 20 ڈالر سے زائد ہوگئی ہے۔
پاکستان کی صورت حال بھی سوڈان سے کچھ زیادہ مختلف نہیں ہے جہاں گزشتہ دو ماہ کے دوران چار بار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔



