ٹکٹس کی فروخت میں مبینہ بے ضابطگیاں ایف آئی اے کا پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کوارٹر پر چھاپا


ایف آئی اے والے ماہ وش عمر کو ساتھ لے گئے،چھاپے کے وقت چئیرمین کرکٹ بورڈ محسن نقوی بھی لاہور میں موجود تھے

اسلام آباد:پاکستان سپر لیگ اور دیگر بین الاقوامی میچوں میں ٹکٹس کی فروخت میں مبینہ بے ضابطگیوں پر ایف آئی اے نے پیر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں واقع پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کے ہیڈ کوارٹر پر چھاپہ مارا ۔ایف آئی اے حکام پی سی بی کی ہیڈ آف ٹکٹنگ ماہ وش عمر کو اپنے ساتھ لے گئے اور ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر میں ماہ وش عمر کا بیان ریکارڈ کیا۔
چھاپے کے بعد پی سی بی اسٹاف میں کھلبلی مچ گئی۔پی سی بی نے چھاپے کی تصدیق تو کی کیونکہ اس کے سوا کوئی چارہ نہ تھا لیکن تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل میچوں اور پی ایس ایل ٹکٹوں میں ہونے والی مبینہ بے ضابطگیوں کے سلسلے میں مہوش عمر کا اہم بیان ریکارڈ کیا گیا۔
یہ چھاپا اس لئے حیران کن ہے کیوں کہ پی سی بی چئیرمین محسن نقوی وزیر داخلہ ہیں۔ ایف آئی اے اور پی سی بی کے سربراہ وہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی ٹکٹوں کی فروخت میں بے قاعدگی سامنے آئی تھی نیوزی لینڈ کی سیریز کے ٹکٹ آن لائن کے علاوہ باکس آفس کے زریعے فروخت ہوئے تھے۔جن میں کافی تعداد میں بے ضابطگیاں سامنے آئی تھیں۔
سب سے اہم بات یہ ہے ک جس وقت یہ چھاپہ پڑا ایف آئی اے کے سربراہ اور چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی لاہور ہی میں موجود تھے۔