اپوزیشن جماعتیں ملکی ترقی کے لئے محاذ آرائی کے بجائے تعمیری انداز اپنائیں،انجینئر امیر مقام

احتجاج کی سیاست سے نہ ماضی میں کچھ ملا اور نہ مستقبل میں ملے گا،ڈسٹرکٹ بار کونسل کی نومنتخب باڈی کی تقریب حلف برداری سے خطاب

بونیر: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے اپوزیشن جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ محاذ آرائی کے ہتھکنڈوں سے فضول احتجاج پر وقت ضائع کرنے کی بجائے تعمیری انداز اپنائے تاکہ ملک ترقی کر سکے ۔ یہ بات انہوں نے بونیر ڈسٹرکٹ بار کونسل ایسوسی ایشن کی نومنتخب باڈی کی تقریب حلف برداری کے دوران کہی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ان لوگوں کو ماضی میں احتجاج سے کچھ نہیں ملا اور نہ ہی مستقبل میں کچھ ملے گا ان احتجاجوں سے صرف ملک کا نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو جو ہوا وہ انتہائی افسوسناک ہے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وکلاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ چوکس رہیں اور ایسے لوگوں کو مسترد کردیں جو انہیں سیاسی مفاد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں تاہم انہیں ملکی مفاد میں تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج عوامی خدمت نہیں بلکہ عوامی مسائل کا حل منتخب نمائندوں کا اصل فرض ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں بلیم گیم سے نکل کر ملک کے بہترین مفاد میں مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ معاشی صورتحال میں بہتری کے واضح اشارے ہیں کیونکہ تمام ادارے اور حکومت ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی ایک ایسا مسئلہ ہے جس کا ہر کسی کو سامنا ہے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاری لانے کی کوششوں پر SIFC کی تعریف کی۔
وسائل کی تقسیم پر وزیر اعلی خیبر پختونخواہ کے وفاقی حکومت پر الزامات کے بارے میں، انہوں نے قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے ذریعے منصفانہ تقسیم کو اجاگر کیا۔
قبل ازیں وفاقی وزیر نے بار کونسل ایسوسی ایشن کی نو منتخب باڈی سے حلف لیا۔ انہوں نے نو منتخب کابینہ کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ وکلا برادری کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں گے۔ انہوں نے بار کونسل ایسوسی ایشن کے لیے 20 لاکھ روپے کی رقم اور سولر سسٹم کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے بونیر میں گیس کی سہولت اور موٹو وے لنک روڈ کی فراہمی کے لیے بھی کوششیں کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ گیس پر بونیر اور شانگلہ کے لوگوں کا بھی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں بونیر اور صوابی کے لوگوں کا دل سے احترام کرتا ہوں کیونکہ انہوں نے ہمیشہ مجھے عزت اور احترام دیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔