
لندن : برطانیہ نے چا رجولائی کو ملک میں قبل از وقت انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا ہے ۔برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے 4جولائی کو ملک میں الیکشن کرانے کا اعلان کیا۔ ٹین ڈاوننگ سٹریٹ پر کابینہ کے ہنگامی اجلاس کے بعد قوم سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے کنگ چارلس کو قبل از وقت انتخابات سے آگاہ کیا ،کنگ چارلس نے پارلیمنٹ تحلیل کرنے کی درخواست منظور کرلی۔ برطانوی وزیراعظم نے عام انتخابات کا اعلان اپنی سرکاری رہائشگاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا ،انہوں نے کرونا اور یوکرائن جنگ کے دوران برطانوی پالیسیوں پر عوامی رائے جاننے کے عزم کا اظہار کیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم رشی سونک کل سے ملک گیر انتخابی مہم شروع کریں گے ۔
رائے عامہ سروے کے مطابق اپوزیشن لیبر پارٹی کو حکمران کنزرویٹیوپارٹی پر 20پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔ دوسری جانب لیبر پارٹی کے رہنما سر کیئر اسٹارمر نے عام انتخابات کے اعلان پر کہا ہے کہ عام انتخابات برطانیہ کی استعداد کو کھولیں گے۔ یاد رہے کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں حکمران جماعت کو اپوزیشن پارٹی سے شکست ہوئی۔
اسرائیل کی غزہ کے خلاف جارحیت کی کھلم کھلا حمایت کرنے پر برطانیہ کی حکمران جماعت کو مشکلات کا سامنا ہے۔
تاہم حال ہی میں معاشی شرح نمو میں اضافے اور افراط زر میں کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے رشی سونک کا خیال ہے کہ اس موقع پر عوام کے پا س جانا سود مند ثابت ہو سکتا ہے۔
برطانیہ میں 4 جولائی کو الیکشن کرانے کا اعلان




