فیصلہ مظلوم انسانوں کی فتح ، فیصلے پر عمل درآمد کرایا جائے،پاکستان، سعودی عرب

اسلام آباد: عالمی عدالت انصاف نے حکم جاری کیا ہے کہ اسرائیل فوری طور پر غزہ میں فوجی آپریشن روکے ، امدادی سرگرمیوں کے لئے سرحد کو فوری کھولے اور فیکٹ فائنڈنگ مشن کو غزہ تک رسائی دے ۔عدالت نے فیصلہ تیرہ دو کی واضح اکثریت سے سنایا ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیل کے غزہ پرحملوں سے متعلق جنوبی افریقہ کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر عالمی عدالت انصاف نے فیصلہ سنایا ہے۔ عالمی عدالت کے موجودہ صدر جج نو اف سلام نے سماعت کی سربراہی کی، عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریکا نے جنیوا کنوینشن کے تحت اسرئیل کے خلاف درخواست دائر کی ، 10 مئی کو جنوبی افریکا نے رفح آپریشن روکنے کی درخواست دائر کی، عزہ میں اسرائیلی آپریشن میں انسانی جانوں اور املاک کو نقصان پہنچاہے۔ عالمی عدالت انصاف کے موجودہ صدر جج نواف اسلام نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ رفح میں لاکھوں فلسطیوں نے پناہ لے رکھی تھی ، رفح میں اسرائیلی زمینی آپریشن میں 8 لاکھ فلسطینی بے گھر ہوئے، عدالت نے اپنے سابقہ فیصلے میں تبدیلی کا فیصلہ کیا، اسرائیلی فوج نے 7 مئی کو رفح میں زمینی آپریشن شروع کیا ، عدالت نے 28 مارچ کے حکم میں کہا تھا کہ عزہ کی صورتحال انتہائی خراب ہے، عزہ میں انسانی صورتحال 28 مارچ کے بعد مزید ابتر ہوچکی ہے، اسرائیل نے کئی ہفتوں کی شدید بمباری کے بعد رفح میں زمینی آپریشن شروع کیا۔
عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا کہ اسرائیل غزہ سے انخلا کے لیے حفاظتی اقدامات کرنے میں ناکام رہا، اسرائیل فوری طور پر غزہ میں فوجی آپریشن روکے، اسرائیل عدالتی حکم کی تکمیل کی رپورٹ ایک ماہ میں پیش کرے ، عالمی عدالت انصاف نے یہ فیصلہ 2-13 کی اکژیت سے سنایا ہے۔
عالمی عدالت انصاف نے فیصلہ سناتے ہوئے مزید حکم دیا کہ اسرائیل نے اقوام متحدہ کے خدشات کودورنہیں کیا، امدادی سرگرمیوں کیلئے رفح سرحدکو فوری کھولا جائے، اسرائیل اقوام متحدہ کے فیکٹ فائنڈنگ مشن کو غزہ تک رسائی دے ، فلسطینیوں کو خوراک اورضروریات زندگی سے محروم رکھا گیا، عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے باوجود اسرائیل قتل عام کررہا ہے۔
سعودی عرب اور پاکستان نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور عالمی برادری غزہ میں اسرائیلی آپریشن روکنے کے عالمی عدالت کے فیصلے پر فوری عمل کرائے۔ رفح میں آپریشن روکنے کے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد سے دنیا میں امن کی راہ ہموار ہوگی، مظلوم انسانیت کے حق میں فیصلہ دینے والے تیرہ ججوں اور پٹیشن دائر کرنے پر جنوبی افریقہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جنوبی افریقہ کی پٹیشن کی حمایت کی تھی، آئندہ بھی تمام فلسطینیوں کا کیس لڑتے رہیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے مطابق اقوام متحدہ کے تحقیقاتی کمیشن کو غزہ اور رفح میں فوری رسائی دی جائے۔ فیصلہ مظلوم انسانوں کی فتح ہے، فیصلے پر عمل درآمد کرایا جائے۔ راستے کھولنے، غذائی اورطبی امداد کی فوری فراہمی کے فیصلے پر عمل درآمد کرایا جائے تاکہ مظلوم انسانوں کوریلیف مل سکے ۔ پاکستان مظلوم فلسطینیوں کے بنیادی انسانی اور قانونی حقوق کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا ۔
اسرائیل فوری طور پر غزہ میں فوجی آپریشن روکے عالمی عدالت انصاف کا بڑا فیصلہ




