تاریخ میں پہلی بار امریکا میں ٹی 20 ورلڈکپ کا آغاز

میزبان امریکہ نے پہلے میچ میں کینیڈاکو سات وکٹ سے ہرادیا

ایرون جونس نے 40 گیندوں پر 10 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 94 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کینیڈا سے فتح چھین لی
ڈیلاس:امریکہ کی تاریخ میں پہلی بار کھیلے جانے والے ٹی 20 ورلڈکپ کا آغاز ہو گیا ہے۔ ورلڈ کپ کے پہلے اور اپنے ہی پہلے میچ میں میزبان امریکہ نے کینیڈا کو سات وکٹوں سے ہرادیا۔ کینیڈا کی جانب سے دیا گیا 195 رنز کا ہدف امریکا نے 18ویں اوور میں حاصل کر کے ٹورنامنٹ میں شریک بڑی بڑی ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔ امریکی ٹیم نے کینیڈا کی جانب سے دیا گیا 195 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 17.4 اوورز میں حاصل کیا۔
امریکی شہر ڈیلاس کے گرینڈ پرائیر اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ہیں ٹی20 ورلڈکپ کے گروپ اے کے افتتاحی میچ میں امریکا کے کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس جیت کر کینیڈا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
کینیڈا نے امریکا کے خلاف شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز اسکور کیے۔کینیڈا کی جانب سے آرون جانسن اور نونیت دھالیوال نے ٹیم کو 43 رنز کا آغاز فراہم کیا، دونوں بالترتیب 23 اور 61 رنز بناکر آٹ ہوئے۔بیٹر ناونیت دھلیوال اور نکولس کرٹن ففٹیاں بنا کر نمایاں رہے، نکولس کرٹن نے 51 ، پرگت سنگھ 5 اور دلپریت باجوہ نے 11 رنز بنائے جبکہ شیریاس مووا 32 اور ڈیلون ہیلیگر 1 رنز بنا کر وکٹ موجود رہے۔
امریکا کی جانب سے پیسر علی خان 1، ہرمیت سنگھ 1 اور کورے اینڈرسن بھی 1 شکار کرنے میں کامیاب رہے۔
کینیڈا کی جانب سے دیے گئے 195 رنز کے ہدف کے تعاقب میں امریکا کی ٹیم میدان میں اتری تو امریکی اوپنرز کی جانب سے آغاز اچھا نہ تھا۔امریکا کی پہلی وکٹ صفر پر ہی گر گئی اور میزبان ٹیم کو دوسرا نقصان 42 رنز پر اٹھانا پڑا لیکن تیسری وکٹ کے لیے اینڈریس گوس اور ایرون جونس کے درمیان 131 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی۔اینڈریس گوس 46 گیندوں پر 65 رنز کی اننگز کھیل کر آٹ ہوئے لیکن ایرون جونس نے دھواں دھار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 40 گیندوں پر 10 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 94 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو 7 وکٹوں سے فتح سے ہمکنار کرایا۔کینیڈا کی جانب سے کلیم ثنا، نکھل دتہ اور ڈلون ہیلیگر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ شاندار بلے بازی پر ایرون جونس میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔امریکہ نے 14 گیند قبل ہی حدف حاصل کر لیا۔
ٹاس کے موقع پر امریکا کے کپتان مونانک پٹیل نے کہا کہ پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ وکٹ دیکھ کر کیا ہے، ہدف کو حاصل کریں گے، پہلی اننگ میں وکٹ بولرز کو مدد فراہم کرے گی۔دوسری جانب کینیڈین کپتان سعدظفر نے کہا کہ وکٹ اچھی ہے، پہلے بیٹنگ کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں، یہ ورلڈ کپ ہے، دو طرفہ سیریز نہیں،اس لیے دبا ئورہے گا، پر اعتماد ہیں ہم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
امریکی اسکواڈ
امریکا کی ٹیم میں موناک پٹیل (کپتان)، ایرون جونز، علی خان، کوری اینڈرسن، اینڈریس گوس، ہرمیت سنگھ، جسدیپ سنگھ، نتیش کمار، سوربھ نیٹراوالکر، اسٹیون ٹیلر اور شیڈلے وین شامل ہیں جبکہ ریزرو پلیئرز کے لیے نوستھش کینیج، ملند کمار، نیسرج پٹیل اور شایان جہانگیر ہوں گے۔
کینیڈین اسکواڈ
کینیڈا کی ٹیم میں سعد بن ظفر (کپتان)، دلپریت باجوہ، ناونیت دھلیوال، نکھیل دتہ، جیریمی گورڈن، ڈیلون ہیلیگر، ایرون جونسن، کلیم ثنا، نکولس کرٹن، شیریاس مووا اور پرگت سنگھ شامل ہیں جبکہ ریزرو پلیئرز میں ریشیو جوشی، جنید صدیقی، ریان پٹھان اور رویندرپال سنگھ کے نام شامل ہیں۔
میچ سے قبل آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی مختصر سی افتتاحی تقریب بھی ہوئی جس میں گرائونڈ میں کینیڈا اور امریکا کے پرچم کے ساتھ قومی ترانے بجائے گئے اور آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔
یاد رہے کہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 20 ٹیمیں ایکشن میں ہیں، 9 وینیوز پر مجموعی طور پر 55 میچز کھیلے جائیں گے۔پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 6 جون کو میزبان امریکا کے خلاف کھیلے گا جبکہ پاک بھارت ٹاکرا 9 جون کو ہوگا جبکہ گوگل کا ڈول بھی کرکٹ کے رنگوں میں رنگ گیا۔